جانتا ہوں ماضی کا فاسٹ باؤلر وقار یونس نہیں رہا ‘ہیڈ کوچ قومی ٹیم

ہفتہ 18 اپریل 2015 11:38

جانتا ہوں ماضی کا فاسٹ باؤلر وقار یونس نہیں رہا ‘ہیڈ کوچ قومی ٹیم

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ جانتا ہوں ماضی کا فاسٹ باؤلر والا وقار یونس نہیں رہا ‘ کھلاڑیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں ‘ٹیم کیلئے اچھے کھیلنے والے کھلاڑیوں کو ڈراپ کر نے والا پاگل ہی کہلائے گا ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ میں ماضی کا فاسٹ باوٴلر والا وقار یونس نہیں رہا ۔

میں کھلاڑیوں کے ساتھ بالکل سخت نہیں بلکہ میرے ان کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں یہ کہنا غلط ہو گا کہ میں آج بھی خود کو سپر سٹار سمجھتا ہوں۔باوٴلنگ کے زمانے میں بورے والا ایکسپریس قرار دیے جانے والے وقار نے بتایا کہ وہ انتہائی اصول پسند ہیں اور اکثر و بیشتر ان کے طریقے کو ضد تصور کر لیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میں ٹریننگ اور کرکٹ پر سمجھوتے نہیں کرتا کیونکہ اگر آپ ان چیزوں میں سمجھوتے کرنے لگے تو پاکستان میں کرکٹ آگے نہیں بڑھ سکتی وقار نے کہا کہ بحیثیت کوچ آپ کی ٹیم میں وہ کھلاڑی نہیں ہونے چاہئیں جن کے ساتھ آپ ماضی میں کھیل چکے ہوں، لیکن میں نے جان بوجھ کر کبھی کسی کا کیرئیر ختم کرنے کی کوشش نہیں کی۔

انہوں نے کہاکہ میں پاگل ہی ہوں گا جو ٹیم کیلئے اچھا کھیلنے والے کھلاڑی کو ڈراپ کر دوں۔وقار یونس نے کہا کہ اس طرح کے الزامات لگانے والے کھلاڑی اکثر بیان دیتے ہوئے سخت اور غیر مناسب زبان استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں جائز اور سخت تنقید برداشت کرتا ہوں تاہم سچ یہ ہے کہ ایک منصوبے کے تحت سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کے الزامات درست نہیں۔

انہوں نے کہاکہ عبدالرزاق، محمد یوسف اور شعیب اختر جیسے کھلاڑی اس لیے ڈراپ ہوئے کیونکہ ان کا کیریئر زوال پزیر تھا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ 2011 میں انڈیا کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل میں شعیب اختر کو ڈراپ کرنے کو وہ اب بھی درست سمجھتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ اس وقت عمر گل، وہاب ریاض اور رزاق اچھی باولنگ کر رہے تھے اور انہیں دو اچھے سپنرز کی معاونت بھی حاصل تھی۔

ایسے میں ہمیں شعیب کو ڈراپ ہی کرنا تھا اور سچ تو یہ ہے کہ اس وقت وہ تین اوورز مکمل کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔ وہاب نے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کر کے اپنی سلیکشن کو بالکل درست ثابت کیا۔وقار یونس نے کہاکہ اگر شعیب اپنا اور اپنے جسم کا زیادہ خیال رکھتے تو وہ مزید وکٹیں ضرور حاصل کرتے۔انہوں نے کہاکہ بطور ایک باوٴلر آپ کو اپنا دھیان رکھنا ہوتا ہے تاہم بدقسمتی سے شعیب ایسا نہ کر سکے

متعلقہ عنوان :