چینی صدر کا دورہ پاکستان‘ اسلام آبادکی مختلف سڑکیں کچھ وقت کیلئے بند رہیں گی‘416ٹریفک اہلکار ڈیوٹی پر مامور رہیں گے

اتوار 19 اپریل 2015 19:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 اپریل۔2015ء)عوامی جمہوریہ چین کے صدر کا دورہ پاکستان، وفاقی دارالحکومت کی مختلف سڑکیں کچھ وقت کیلئے بند رہیں گی،416ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور رہیں گے،ٹریفک پولیس کی جانب سے تشکیل کردہ پلان کے مطابق چینی صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر ہیوی ٹریفک کو مختلف جگہوں سے بند رکھا جائے گا، جن میں مری، کشمیر سے آنے والی ٹریفک سترہ میل ٹول پلازے کے پاس، لاہور سے آنے والی ٹریفک روات کے پاس اور پشاور سے آنے والی ہیوی ٹریفک آئی جے پی روڈ کے پاس روک دی جائے گی۔

(جاری ہے)

چھوٹی گاڑیاں کیلئے متبادل روٹس تجویز کئے گئے ہیں۔ ٹریفک پلان کے مطابق ایکسپریس وے سے کرال چوک سے گارڈن چوک تک فیصل ایونیو سے ریسکیو ون فائیو کے یوٹرن تک بند رہے گی، مری روڈ فیض آباد سے راول ڈیم چوک، کشمیر چوک اور سرینا ہوٹل تک بند رہے گی، کشمیر ہائی وے پشاور موڑ سے سرینا ہوٹل تک بند رہے گی، شاہراہ دستور ریڈیو پاکستان سے سرینا ہوٹل تک بند رہے گی، سہروردی روڈ ایمبیسی روڈ سے سرینا ہوٹل تک بند رہے گی جبکہ اتاترک روڈ سرینا ہوٹل سے نادرا چوک تک بند رہے گی، ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔