جمعیت علمائے اسلام ضلع چارسدہ کا پارٹی کے سابق ایم این اے مولانا غلام صادق کی رکنیت ختم کر نے کا مطالبہ

منگل 21 اپریل 2015 18:08

چارسدہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) جمعیت علمائے اسلام ضلع چارسدہ کا پارٹی کے سابق ایم این اے مولانا غلام محمد صادق کی رکنیت ختم کر نے کا مطالبہ ۔ مولانا غلام محمد صادق اپنے کرتوتوں کی وجہ سے مہمند ایجنسی میں بدترین شکست کے بعد چارسدہ میں سیاسی پنا ہ لینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔ وارثان انبیا ء کی جماعت سے غداری اور بے وفائی کرنے کے پاداش میں سابق ایم این اے اور ان کے سینٹر بیٹے کو پہلے بھی پارٹی سے خارج کیا جا چکا ہے ۔

سابق ایم این اے کو پہلے ہی آگاہ کیا تھاکہ ضلعی تنظیم کے معاملات میں ٹانگ نہ آڑائے مگر موصوف انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کر کے پارٹی میں دھڑے بندی کے درپے ہیں ۔ مولانا محمد ہاشم خان ۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر مولانا محمد ہاشم خان ، جنرل سیکرٹری پیر مفتی گوہر علی ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات عطاء اﷲ اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی عبد الرشید نے دارالادب چارسدہ میں میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی تنظیم نے سابق ایم این اے مولانا غلام محمد صادق سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کی طرف سے چارسدہ کے ضلعی تنظیم کے خلاف بے سرو پا بیان بازی ،پارٹی میں دھڑے بندی اور انتشار کی فضا پیدا کرنے پر صوبائی تنظیم کو ان کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور اس حوالے سے صوبائی تنظیم کی طرف سے جاری کردہ سرکلر پر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی اپیل کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ مولانا غلام محمد صادق مہمند ایجنسی میں قومی اسمبلی اور تنظیمی الیکشن میں بد ترین شکست کے بعد چارسدہ میں سیاسی پناہ لینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔پارٹی منشور کے مطابق کسی بھی باہر کے علاقے کے کارکن یا عہدیدار کو ضلعی تنظیم کے معاملات میں مداخلت اورمنفی بیانات جاری کرنے کا کوئی اختیار نہیں ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکنوں اور ذمہ داران کو مولانا غلام محمد صادق کا ماضی خوب یاد ہے ۔ ضلعی تنظیم پر انگلی اٹھانے سے پہلے موصوف اپنا داغ دار ماضی یاد رکھے۔ وارثان انبیا ء کی جماعت سے سابق ایم این اے مولانا غلام محمد صادق اور ان کے بیٹے سابق سینٹرعبد الرشید غدار ی اور بے وفائی کو عوام اور پارٹی کارکن نہیں بھول سکتے ۔

متعلقہ عنوان :