20 سال تک کھیلنے والوں کو واپس بلانے سے مسئلے حل نہیں ہوں گے، محمد یوسف

بدھ 22 اپریل 2015 12:50

20 سال تک کھیلنے والوں کو واپس بلانے سے مسئلے حل نہیں ہوں گے، محمد یوسف

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22اپریل۔2015ء)سابق کپتان اور سینئر بلے باز محمد یوسف نے بنگلہ دیش میں ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد کچھ حلقوں کی جانب سے پرانے کھلاڑیوں کو طلب کرنے کے خیال پرحیرت کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ 20 سال تک کھیلنے والے کرکٹروں کو واپس بلانے سے مسئلے حل نہیں ہوں گے۔ بہتری کیلئے پاکستان کرکٹ کے نظام میں مجموعی تبدیلی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے محمد یوسف نے کہا کہ ہیڈ کوچ وقار یونس اور ان کے معاونین پاکستان کرکٹ ٹیم کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ محمد یوسف نے بنگلہ دیش میں شکست کیلئے کپتان اظہر علی یا ٹیم کو مورد الزام ٹھرانے سے انکار کر تے ہوئے کہا کہ نوجوان ٹیم اور اظہر علی نے اچھا کھیلا ہے اور انہیں شکست کا ذمہ دار نہیں ٹھرایا جا سکتا‘۔

(جاری ہے)

’میرے خیال میں وقار اور ان کے معاونین کو پاکستانی ٹیم کی یہ حالت بنانے کا ذمہ دار ٹھرایا جانا چاہیئے‘۔

انہوں نے میڈیا کی حد سے زیادہ تنقید کے ٹیم پرفارمنس پر اثر انداز ہونے کے تاثر کو بھی رد کیا۔اگر ٹیم اچھا کھیلے اور لڑے تو انہیں ایسی تنقید کا سامنا ہی نہیں کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کے ایک اور سابق کپتان راشد لطیف نے شاہد آفریدی کو ریٹائرمنٹ سے واپس بلانے اور یونس خان کو ون ڈے ٹیم کا حصہ بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ آل راونڈر آفریدی ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں جبکہ سلیکٹرز نے بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے یونس کو آرام کا موقع دیا تھا۔