قومی ٹیم آئندہ ماہ ورلڈ تائیکوانڈو چمپئن شپ میں شرکت کرے گی

جمعرات 23 اپریل 2015 11:20

قومی ٹیم آئندہ ماہ ورلڈ تائیکوانڈو چمپئن شپ میں شرکت کرے گی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء) قومی ٹیم آئندہ ماہ روس میں شیڈول ورلڈ چمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔ فیڈریشن کے صدر وسیم احمد کے مطابق ہم چائنیز تائپے میں جاری ایشین چمپئن شپ میں جونیئر ٹیم بھیجنا چاہتے تھے تاہم بدقسمتی سے ویزہ مسائل کے باعث ایسا نہ ہو سکا لیکن اب تمام تر توجہ آئندہ ماہ روس میں ہونے والی ورلڈ چمپئن شپ پر مرکوز ہے اور ہم اس ایونٹ میں ایتھلیٹس کو بھیجنے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے تاکہ ان کی کوششیں اور تیاریاں رائیگاں نہ جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری رہے گا تاکہ کھلاڑی بھرپور تیاری کے ساتھ میگا ایونٹ میں شرکت کر سکیں، ٹیم کے چناؤ کے سلسلے میں آئندہ ایک دو روز میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جائیگا اور بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ملک کی نمائندگی کا موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مردوخواتین ایتھلیٹس باصلاحیت ہیں، امید ہے کہ وہ ورلڈ چمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بہترین نتائج دیں گے۔