سیمیولز نے بین سٹوکس کی فقرے بازی کا مزہ بلے سے پرفارم کر کے چکھا دیا

جمعرات 23 اپریل 2015 11:50

سیمیولز نے بین سٹوکس کی فقرے بازی کا مزہ بلے سے پرفارم کر کے چکھا دیا

سینٹ جارج (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار23اپریل۔2015ء) ویسٹ انڈین بیٹسمین مارلن سمیولز نے انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس کو فقرے بازی کا مزہ اپنے بلے کی پرفارمنس سے چکھا دیا ،تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سیمیولز کی بیٹنگ کے دوران سٹوکس نے ان کا اعتماد ڈگمگانے کیلیے لفظی بمباری کی مگر اس سے انھیں کوئی فرق نہیں پڑا بلکہ وہ زیادہ بہتر انداز میں بیٹنگ کرنے لگے اور سنچری سکور کر ڈالی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امپائر سٹیو ڈیوس نے بھی انگلش آل راونڈر سٹوکس کو اپنی حد میں رہنے کی ہدایت دی ۔ پہلے دن کے اختتام پر سیمولز نے کہا کہ انگلش کرکٹر نے آج تک ماضی سے سبق نہیں سیکھا، وہ انہیں ہر بار بتاتے ہیں کہ ان کی یہ الٹی سیدھی باتیں انکی بیٹنگ میں بہتری کا باعث بنتی ہیں لیکن وہ سمجھتے ہی نہیں ہیں ۔ یاد رہے کہ 2012ء میں ویسٹ انڈیز کے دورہ انگلینڈ کے دوران ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں جب جیمز اینڈرسن نے مارلن سیمیولز غصہ دلایا تو انہوں نے سنچری سے ان کی باتوں کا جواب دیا تھا۔