بنگلہ دیش سیریز میں کچھ تجربے ضرور کئے مگر ایسی پرفارمنس کی توقع نہیں تھی ، ہارون الرشید

جمعرات 23 اپریل 2015 13:55

بنگلہ دیش سیریز میں کچھ تجربے ضرور کئے مگر ایسی پرفارمنس کی توقع نہیں ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ اس سیریز کے لئے ہم نے کچھ تجربے ضرور کئے تھے مگرایسی پرفارمنس کی بھی توقع نہیں تھی کہ یکطرفہ انداز میں ہار جائیں گے ۔ بنگلہ دیش کے خلاف وائٹ واش شکست پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف سلیکٹرکا کہنا تھا کہ ٹیم کا انتخاب ٹیم انتظامیہ کی مشاورت سے کیا گیا تھا اس لئے ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی دونوں کو اس ناکامی کی ذمہ داری قبول کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ٹیم کے انتخاب کے وقت اس بات کا خدشہ تھا کہ ہم ایک یا دو میچ ہار جائیں گے مگر یکطرفہ شکست پر حیرت ہوئی ہے کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں سب کا احتساب ہوگا انہوں نے کہا کہ یہ بات درست نہیں ہے کہ کسی کھلاڑی کے لئے دروازے بند کردیئے گئے ہیں ۔ شعیب ملک سمیت جس کھلاڑی کی ضرورت ہوگی ان کو ٹیم میں شامل کیا جاسکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوچ وقار یونس اس وقت دباؤ میں ہیں ان کی ورلڈ کپ کی رپورٹ باہر آنے سے بھی ان پر دباؤ ہے مگر ایک بہتر ٹیم بنانے کیلئے جو پالیسی بنائی جارہی ہے اس میں کچھ ناکامی کا بھی سامنا ہوسکتا ہے ۔ چیف سلیکٹر نے امید ظاہر کی کہ ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز میں سینئر کھلاڑیوں کے آنے سے ٹیم متوازن ہوجائے گی اور اس کے اچھے اثرات مرتب ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :