شہداء فاؤنڈیشن نے 27اپریل کو پرویزمشرف کی عدالت میں ممکنہ پیشی کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ منسوخ کردیا

ہزاروں افراد پرویزمشرف کی عدالت میں حاضری کے موقع پر پرویزمشرف کا استقبال جوتوں کرسکتے تھے، عدالتوں کے حق میں جذبہ خیرسگالی اور مثبت پیغام کے لئے مظاہرہ نہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا، ترجمان شہداء فاؤنڈیشن

جمعرات 23 اپریل 2015 18:09

شہداء فاؤنڈیشن نے 27اپریل کو پرویزمشرف کی عدالت میں ممکنہ پیشی کے موقع ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء )شہداء فاؤنڈیشن آف پاکستان(لال مسجد)نے علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویزمشرف کی 27اپریل کو عدالت میں ممکنہ پیشی کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویزمشرف کے خلاف عدالت علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں تمام قانونی تقاضے پورے کررہی ہے اس لئے پرویزمشرف کی عدالت میں حاضری کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ نہ کرکے عدالتوں کو مثبت پیغام دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق شہداء فاؤنڈیشن آف پاکستان(لال مسجد)کا ایک اہم مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویزمشرف کی 27اپریل کو عدالت میں ممکنہ پیشی کے حوالے سے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد شہداء فاؤنڈیشن کے مرکزی رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ’’پرویزمشرف نے لال مسجد و جامعہ حفصہ میں ظلم و ستم کے بدترین پہاڑ ڈھائے ہیں،یہی وجہ ہے کہ ان کے خلاف ہر دل میں نفرت موجود ہے۔

شہدائے لال مسجد و جامعہ حفصہ سے عقیدت رکھنے والے لاکھوں افراد اس بات کے منتظر تھے کہ پرویزمشرف کب اپنے بنکر سے باہر نکلیں گے تاکہ وہ ان کے خلاف اپنے دلی نفرت کا مظاہرہ کریں۔اب جبکہ علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں ایڈیشنل اینڈ سیشن جج واجد علی خان کی جانب سے پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد پرویزمشرف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ بیان حلفی جمع کرادیا ہے کہ وہ 27اپریل کو ازخود عدالت میں پیش ہوجائیں گے تو ہزاروں کی تعداد میں فرزندان اسلام پرویزمشرف کی عدالت میں حاضری کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کے لئے تیار ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ پرویزمشرف کا استقبال جوتوں سے کیا جائے۔

تاہم شہداء فاؤنڈیشن نے عدالتوں کے حق میں جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویزمشرف کی 27اپریل کو عدالت میں ممکنہ پیشی کے موقع پر کسی قسم کا احتجاجی مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔چونکہ علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں عدالتیں پرویزمشرف کے خلاف تمام قانونی تقاضے پورے کررہی ہیں اس لئے شہداء فاؤنڈیشن سمجھتی ہے کہ اس موقع پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا کوئی جواز نہیں۔

لہٰذا شہداء فاؤنڈیشن نے اصولی فیصلہ کیا ہے کہ 27اریل کو پرویزمشرف کی عدالت میں حاضری کی صورت میں کسی بھی قسم کا احتجاجی مظاہرہ نہ کرکے عدالتوں کو مثبت پیغام دیا جائے گا‘‘۔ شہداء فاؤنڈیشن کے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ 27اپریل کو علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویزمشرف کی عدالت میں حاضری کی صورت میں صاحبزادہ ہارون الرشید غازی بھی شہداء فاؤنڈیشن کے مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوں گے