کمرشل بینک اے ٹی ایمز کی تعداد میں اضافہ کریں ، ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک

جمعہ 24 اپریل 2015 16:52

کمرشل بینک اے ٹی ایمز کی تعداد میں اضافہ کریں ، ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کمرشل بینکوں کو ملک بھر میں مزید اے ٹی ایمز نصب کرنے کی ہدایت دی ہے ، مرکزی بینک کے ڈپٹی گورنر ریاض الدین کے مطابق اس وقت ملک میں 9 ہزار آٹومیٹک ٹیلر مشینوں کا نیٹ ورک موجود ہے جو مستقبل میں بینک صارفین کی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے کم ہیں۔ گزشتہ روز ٹوٹل کمیونیکشینز اور ون لنک کے تحت ہونیوالی 13 ویں ای بینکنگ کانفرنس اور نمائش سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود اے ٹی ایمز کی قلیل تعداد مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کے قابل نہیں ہے۔

انوویٹو کے نوید علی بیگ نے بتایا کہ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایک ہزار صارفین کی ضروریات پوری کرنے کیلئے 6 مشینیں ہیں جبکہ جنوبی کوریا میں اتنے ہی افراد کے لیے 290 ، امریکا میں 173، انڈونیشیا میں 42 اور بھارت میں 132مشینیں نصب ہیں۔

(جاری ہے)

رواں برس کے دوران بینکس مزید 5 سے 6سو تک اے ٹی ایمز نصب کریں گے ۔ ریاض الدین نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اپنے دیگر معاونین کی مدد سے ادائیگیوں کے خود کار چینلز اور ڈیجیٹلائزیشن کو مستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہے ۔ ادائیگیوں کے متبادل چینلز بشمول ای بینکنگ ، برانچ لیس بینک کاری بھی مالیاتی لائحہ عمل میں شامل ہیں اور یہ عوامل بھی اسٹیٹ بینک کے اہم ستون کے طور پر سامنے آئے ہیں۔