عالمی شہرت یافتہ باکسروں مے ویدر اور پیکیو کےمقابلے کے ٹکٹ چند منٹوں میں فروخت ہو گئے

ہفتہ 25 اپریل 2015 16:12

عالمی شہرت یافتہ باکسروں مے ویدر اور پیکیو کےمقابلے کے ٹکٹ چند منٹوں ..

لاس ویگس(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25اپریل۔2015ء)عالمی شہرت یافتہ باکسرز فلوئڈ مے ویدر اور مینی پیکیو کے درمیان باکسنگ مقابلے کی مانگ اتنی بڑھی کہ چند منٹوں کے اندر ہی اس کے ٹکٹ فروخت ہو گئے اور ویب سائٹ پر ان کی قیمت 94 ہزار پاؤنڈ تک جا پہنچی۔ اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے ٹکٹوں کی سرکاری فروخت ایم جی ایم کی ویب سائٹ پر جمعرات کو شروع ہوئی ۔

مقابلے کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت جیسے ہی سٹب ہب پر شروع ہوئی تو چند منٹوں کے دوران اس کا سستا ترین ٹکٹ 3,511 پاؤنڈ تک جا پہنچا۔ فلوئڈمے ویدر اور مینی پیکیو کے درمیان باکسنگ کا مقابلہ رواں سال فروری میں طے تھا تاہم ٹکٹوں کی فروخت کا معاہدہ گذشتہ ہفتے طے ہوا۔ شو کے منتظمین کو امید ہے کہ اس مقابلے سے 16 کروڑ 20 لاکھ پاؤنڈ کی رقم اکٹھی ہو گی۔

(جاری ہے)

اس مقابلے کی 15,500 ٹکٹیں باکسروں، سپانسروں اور پروموٹروں کو دی جائیں گی۔ خیال رہے کہ دونوں کے درمیان باکسنگ کا مقابلہ دو مئی کو ایم جی ایم گرینڈ لاس ویگس میں ہو گا۔ 38 سالہ فلوئڈ مے ویدر اور 36 سالہ مینی پیکیو کا شمار اپنی نسل کے بہترین باکسروں میں ہوتا ہے ، فلوئڈ مے ویدر اس سے قبل اپنی تمام 47 فائٹس جیت چکے ہیں جس میں 26 ناک آؤٹ مقابلے شامل ہیں۔ جبکہ مینی پیکیو اب تک 57 مقابلے جیتے ہیں تاہم وہ پانچ مقابلوں میں ناکام رہے جبکہ دو مقابلے ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے ۔

عالمی شہرت یافتہ باکسروں مے ویدر اور پیکیو کےمقابلے کے ٹکٹ چند منٹوں ..