پشاور میں بارشوں کا سلسلہ پھر شروع ، صورتحال کی سنگینی میں اضافہ

پیر 27 اپریل 2015 10:59

پشاور میں بارشوں کا سلسلہ پھر شروع ، صورتحال کی سنگینی میں اضافہ

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل2015ء) پشاور میں تباہی کے بعد شہر کے ہسپتال زخمیوں سے بھر گئے ، لیبارٹریوں میں خون کا ذخیرہ کم پڑ گیا ، زخمیوں کی چیخ و پکار اور لواحقین کی آہ و بکا رقت آمیز مناظر پیش کرتی رہی ، وزیر صحت شہرام خان ترکئی کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں تاخیر سے پہنچنے پر زخمیوں کے لواحقین نے احتجاج کیا ۔ ہر طرف زخموں سے چور مریض لواحقین اپنے پیاروں کے لئے طبی امداد کی فراہمی کے لئے بھاگ دوڑ کرتے رہے ۔

کہیں خون میں لت پت بچے تو کہیں زخموں سے چور بزرگ ، پشاور میں بلا خیز طوفان کے بعد ہسپتال میں بھی قیامت صغریٰ کے مناظر دیکھے گئے ، زخمیوں کی تعداد بڑھی تو شہر بھر کے ہسپتالوں میں ہنگامی حالت کااعلان کر دیا گیا ، لیبارٹروں میں خون کا ذخیرہ ختم ہوگیا ، انتظامیہ کو شہریوں سے خون کے عطیات کی اپیل کرنا پڑی ۔

(جاری ہے)

لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں سب سے زیادہ زخمی لائے گئے جس کے باعث ہسپتال میں جگہ کم پڑ گئی ۔

ایک طرف آہ و بکا ، زخمیوں کی چیخ و پکار اور سسکیاں ، دوسری طرف وزیر صحت شہرام خان ترکئی لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں چار گھنٹے تاخیر سے پہنچے جس پر زخمیوں کے لواحقین بپھر گئے اور وزیر کا گھیراؤ کر لیا ۔ مظاہرین نے صوبائی وزیر کے سامنے شکایات کے ڈھیر لگا دیئے ۔ ان کا کہنا تھا ہسپتال میں دوائیں دستیاب نہیں جبکہ مشینیں بھی خراب ہیں ، صوبائی وزیر نے زخمیوں کی مکمل نگہداشت کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین نے ان کا راستہ چھوڑ دیا ۔

متعلقہ عنوان :