ایشین سنوکر چیمپئن شپ ، پاکستانی کیوئسٹس نے کامیابیاں سمیٹنا شروع کر دیں

پیر 27 اپریل 2015 11:23

ایشین سنوکر چیمپئن شپ ، پاکستانی کیوئسٹس نے کامیابیاں سمیٹنا شروع ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار27اپریل۔2015ء) سابق عالمی امیچور چیمپئن محمد آصف نے گروپ میچز میں لگاتار تیسرا معرکہ سر کرلیا، تھائی لینڈ کے کائیتی کن بونیارت کو 4-0فریمز سے آئوٹ کلاس کردیا، چوتھامقابلہ بحرین کے احمد جناحی سے ہوگا ، پاکستان کے نمبر دو پلیئر شہرام چنگیزی نے کورین حریف کو زیر کرکے ایونٹ میں دوسری فتح اپنے نام کرلی ، قومی چیمپئن حمزہ اکبر نے بھی قطر کے سیف احمد کیخلاف اپنا دوسرا میچ 4-0 فریمز سے جیتا ،تفصیلات کے مطابق 31 ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ میں سابق عالمی امیچور چیمپئن محمد آصف کی فتوحات کا سلسلہ مزید دراز ہوگیا ہے ، پاکستان نمبر دو شہرام چنگیزی نے کورین حریف کو زیر کرکے ایونٹ میں دوسری فتح اپنے نام کرلی، قومی چیمپئن اور ٹاپ رینک کیوئسٹ حمزہ اکبر نے بھی اپنا دوسرا میچ جیت لیا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جاری 31ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ میں تینوں پاکستانی کیوئسٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے میچز جیت لئے ہیں۔ گروپ ایف میں سابق عالمی امیچور چیمپئن محمد آصف نے تھائی لینڈ کے کائیتی کن بونیارت کو 4-0 فریمز سے زیر کرلیا، اس جیت کے دوران انہوں نے 66 کا بریک بھی کھیلا۔

محمد آصف جنہوں نے اپنے ابتدائی دونوں میچز جیت لئے تھے ، اپنے تیسرے میچ میں بھی تھائی کھلاڑی کو خاطر میں نہیں لائے ۔ محمد آصف نے پہلا فریم 101-35سے اپنے نام کیا۔ اگلے دونوں فریمز میں کائیتی کن بونیارت کی مزاحمت 72-16 اور 78-14 سے دم توڑ گئی۔ چوتھے فریم میں تھائی کیوئسٹ نے جم کر مقابلہ کیا تاہم وہ یہ فریم 79-61 سے ہار گئے ۔چوتھے گروپ میچ میں پاکستانی کیوئسٹ کو بحرین کے احمد جناحی کے چیلنج کا سامنا ہوگا۔

پاکستان نمبر دو شہرام چنگیزی جنہیں گزشتہ روز ایران کے احسان حیدری نژاد کے ہاتھوں سخت مقابلے میں 4-3 فریمز سے شکست ہوگئی تھی نے اپنے تیسرے گروپ میچ میں کوریا کے ہوانگ چول ہو کو 4-1 سے قابو کر کے دوسری فتح حاصل کرلی ۔ شہرام چنگیزی کا آغاز اچھا رہا، انہوں نے پہلا فریم 61-10 سے اپنے نام کرلیا تاہم ہوانگ چول ہو نے دوسرا فریم 48-30سے جیت کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔

بعد ازاں پاکستانی کیوئسٹ نے زبردست فائٹ بیک کرتے ہوئے اگلے تینوں فریمز ناصرف جیت لئے بلکہ میچ بھی 4-1 سے اپنے نام کرلیا۔ ان فریمز میں شہرام چنگیزی کی جیت کا سکور80-0، 73-50 اور 112-2 رہا۔ چنگیزی گروپ بی میں اپنا چوتھا میچ ملائیشیا کے چوئی یو واہ کیخلاف کھیلیں گے ۔ قومی چیمپئن اور ٹاپ رینک کیوئسٹ حمزہ اکبر جنہوں نے اپنے پہلے میچ میں کویت کے القنداری عبداللہ کیخلاف 4-2 سے کامیابی حاصل کی تھی نے اپنے اگلے میچ میں قطر کے کیوئسٹ سیف احمد کو 4-0 سے آئوٹ کلاس کردیا۔ ان کی جیت کا سکور 65-21، 73-62، 129-1 اور 54-46 رہا، انہوں نے تیسرے فریم میں 85 کا بریک بھی کھیلا۔ حمزہ اکبر گروپ بی میں اپنا تیسرا میچ یو اے ای کے محمد الشمسی کیخلاف کھیلیں گے ۔

متعلقہ عنوان :