ٹنڈو الہ یار، عمرا ن خان کے ایم کیوایم پر لگائے جانے والے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں ،نوید قائم خانی

منگل 28 اپریل 2015 17:30

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمرا ن خان کی جانب سے ایک نجی ٹی وی چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں ایم کیوایم پر لگائے جانے والے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کی شدید مذمت کی ہے ۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ عمران خان اس سے قبل بھی ایم کیوایم سے متعلق بے سرو پا باتیں کر کے اپناسیاسی قد بڑھانے کی کوششیں کرتے رہے ہیں۔

لیکن ان کی ذہنی کیفیت کو سمجھتے ہوئے عوام نے آج تک ان کی کسی بات کو اہمیت نہیں دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات برائے این اے 246میں عبرتناک شکست کی خفت مٹانے کے لئے عمران خان ایک مرتبہ پھر سے ایم کیوایم کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مگر وہ اس حقیقت سے ناواقف ہیں کہ کراچی کی عوام اس قسم کے حربوں سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام کے دل عمران خان کے متعصبانہ بیانات سے پہلے ہی بہت دکھی ہیں۔ دوران آپریشن ماورائے عدالت قتل ہونے والے کراچی کے بے گناہ نوجوانوں کے قاتلوں کے بارے میں ہمدردانہ گفتگو کر کے انہوں نے ایک مرتبہ پھر سے کراچی کی عوام کے زخموں پر نمک چھڑک دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام کے بارے میں تضحیک آمیز گفتگو کرکے سیاسی کامیابیوں کے خواب دیکھنا ذہنی دیوالیہ پن کی نشانی ہے ۔ اس قسم کی سوچ رکھنے والے سیاسی رہنماؤں کی موجودگی میں پاکستان کا جمہوری مستقبل کسی طور بھی تابناک نہیں کہا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :