4ہزار سرکاری سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے منصوبے میں جنوبی پنجاب کے سکولوں کو ترجیح دی جائیگی ‘ وزیر تعلیم پنجاب

’پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت ارکان اسمبلی کے سکول اڈاپٹ کرنے کے دور رس اثرات مرتب ہونگے، حکومت معیاری تعلیم اور سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے‘رانا مشہود کا اجلاس سے خطاب

منگل 28 اپریل 2015 18:24

4ہزار سرکاری سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے منصوبے میں جنوبی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب پہلے مرحلے میں 4ہزار سرکاری سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرے گی اور اس سلسلے میں جنوبی پنجاب کے سکولوں کو ترجیح دی جائے گی ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرکاری سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے حوالے سے پی سی ون پر ہونے والے پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا۔

اجلاس میں محکمہ توانائی اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری انرجی خالد اویس رانجھا نے وزیرتعلیم کو منصوبے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر تعلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معیاری تعلیم اور سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

سکولوں میں انرولمنٹ کو بڑھانے کے لیے ’’پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت ارکان اسمبلی سکول اڈاپٹ کررہے ہیں اور اس مہم کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے لیے بھاری رقوم مختص کی جائیں گی ۔ سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے لیے عالمی ڈونرز سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ وزیرتعلیم نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت تمام اقدامات کررہی ہے۔ حکومتی اقدامات سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ چین سے ہونے والے اربوں ڈالر کے معاہدے اور بیرونی سرمایہ کاری سے معاشی خوشحالی آئے گی اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ وزیرتعلیم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ سکولوں کو سولر انرجی پرمنتقل کرنے کے حوالے سے پی سی ون کو جلد ازجلد مکمل کرلیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں سے رابطہ کر کے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کریں۔

متعلقہ عنوان :