وزیراعلیٰ شہباز شریف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان کی ملاقات

ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے زمبابوین کرکٹ ٹیم کا دورہ خوش آئند ‘وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 29 اپریل 2015 18:24

وزیراعلیٰ شہباز شریف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان کی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے ملاقات کی جس میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے دورے سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم پیش رفت ہوگی اورامید ہے کہ دیگر ٹیمیں بھی مستقبل قریب میں کھیلنے کیلئے پاکستان آئیں گی۔

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کا دورہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے غیرملکی ٹیموں کی پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے حوالے سے جو کوششیں کی جا رہی ہیں وہ لائق تحسین ہیں اور پنجاب حکومت اس ضمن میں ہرممکن تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہاں تک سکیورٹی کا مسئلہ ہے توپنجاب میں اس حوالے سے بہترین ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کئے جائیں گے اور ایسا ماحول فراہم کیا جائے گا کہ غیر ملکی ٹیمیں اطمینا ن اور سکون کے ساتھ یہاں میچ کھیل سکیں اورغیرملکی کرکٹ ٹیموں کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو نکھار کر کرکٹ میں پاکستان اپنا مقام دوبارہ حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں کرکٹ کے فروغ کیلئے نئی گراؤنڈز بنائی ہیں اور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی مواقع پر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، تاہم ٹیلنٹ کو نکھارنے کیلئے نچلی سطح پر کرکٹ کے کھیل کے فروغ کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ کھیل معاشرے میں نظم و ضبط کو فروغ دینے کے ساتھ ٹینشن میں کمی کا باعث بنتے ہیں۔ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کو فروغ دے کر معاشرے سے منفی سرگرمیوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ آئندہ بھی کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہر یار خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کرکٹ کے فروغ کیلئے ہرممکن تعاون کر رہے ہیں۔