نواز شریف کا بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو ٹیلی فون ،زلزلہ سے بھارت میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا، نیپال میں امدادی کارروائیوں کو سراہا،ترجمان وزیر اعظم ہاؤس

جمعرات 30 اپریل 2015 12:29

نواز شریف کا بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو ٹیلی فون ،زلزلہ سے بھارت ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندرمودی کو ٹیلی فون کیا اور نیپال میں آنے والے زلزلہ سے بھارت میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے،وزیر اعظم نواز شریف نے نیپال میں بھارتی امدادی کارروائیوں کو سراہا ہے۔ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق جمعرات کے روز وزیر اعظم نواز شریف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹیلی فون کیا اور ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی ،دونوں رہنماؤں کے درمیان نیپال میں زلزلہ ،قدرتی آفات سے نمٹنے اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،وزیر اعظم نواز شریف نے نیپال میں آنے والے زلزلہ سے بھارت میں جانی و مالی نقصان پر بھی اظہار افسوس کیا اور بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کیا،دونوں رہنماؤں کے درمیان جنوبی ایشیاء میں غیر موسمی بارشوں سے فصلوں کے نقصانات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی اور آئندہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی طے کرنے پر غوروغوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نریندر مودی نے پاکستانی وزیر اعظم کو تجویز دی کہ خطے میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے سارک ممالک کے درمیان مشترکہ امدادی مشقیں کی جائیں ،وزیر اعظم نواز شریف نے نیپال میں زلزلہ کے بعدبھارتی امدادی کارروائیوں کو سراہا ہے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے نریندر مودی کی تجاویز کا خیرمقدم کیا ہے۔