خیرپور ، مختلف حادثات وواقعات میں ماں بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق، 7 زخمی

جمعرات 30 اپریل 2015 13:14

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء) مختلف حادثات وواقعات میں ماں بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق، 7 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ہنگورجہ قومی شاہراہ پر ٹرالر اور چنگچی کی ٹکر کے نتیجے میں 25 سالہ گلشن زوجہ رانجھن شر اور اس کا 4 سالہ بیٹا جاں بحق جبکہ دیگر 3 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کا شکار افرا کا تعلق کوٹری کبیر سے بتایا جاتا ہے پولیس نے ٹرالر ڈرائیور کو حراست میں لے کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔

پیر گوٹھ کے علاقے گوٹھ دریا خان جاگیرانی کا رہائشی مزدور نارا صالح پٹ روڈ پر سڑک کی تعمیر کے دوران ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر کچل کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ لاش ضروری کارروائی کے بعد گھر لائی گئی۔ رسول آباد کے قریب گوٹھ سادی خان کھوکھر میں فائرنگ کرکے شہباز مہر کو قتل کردیا گیا، مقتول خان پور پنجاب کا رہائشی مویشیوں کا تاجر تھا۔

(جاری ہے)

لاش ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے لے جائی گئی۔ پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ٹھری میرواہ سٹھارجہ روڈ پر 2 موٹر سائیکلوں کی ٹکر کے نتیجے میں تاج بی بی، غلام فرید، شفیق نانگور اور عبدالجبار قاضی شدید زخمی ہوگئے جنہیں ٹھری اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ خیرپور لاڑکانہ روڈ پر کار کی ٹکر سے مومن علی سیال جاں بحق ہوگیا۔ کار ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا، لاش آبائی گوٹھ سیال لے جائی گئی۔