بولرز نے پلان کے مطابق گیندیں کیں، فیلڈرز نے بھی اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے بھرپور ساتھ دیا، مشتاق احمد

جمعرات 30 اپریل 2015 14:59

بولرز نے پلان کے مطابق گیندیں کیں، فیلڈرز نے بھی اپنی غلطیوں سے سبق ..

کھلنا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء) کھلنا ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی بہتر پرفارمنس پر بولنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ بولرز نے پلان کے مطابق گیندیں کیں، فیلڈرز نے بھی اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے بھرپور ساتھ دیا، سست وکٹ پر محمد حفیظ کی تیز بیٹنگ نے ٹیم کا حوصلہ جوان کردیا ہیتفصیلات کے مطابق کھلنا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا کہ پہلے دن بھی بولرز نے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن بدقسمتی سے کیچز ڈراپ ہوگئے۔

ورنہ بنگلہ دیش کو بہت کم اسکور تک محدود کیا جا سکتا تھا۔مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ نئے دن کے آغاز سے قبل ہیڈکوچ وقار یونس نے کھلاڑیوں کو تحریک دلائی، ہر پوزیشن پر موزوں ترین فیلڈرز کھڑے کرنے کی حکمت عملی اپنائی گئی، اسدشفیق نے دونوں بہترین کیچز تھام کر میچ میں پاکستان کو حاوی ہونے کا موقع فراہم کیا، مشتاق نے کہا کہ اسپنرز نے درست لائن اور لینتھ پر بولنگ کرتے ہوئے حریف بیٹسمینوں کو کریز پر ٹھہرنے کی زیادہ مہلت نہیں دی، پلان کی کامیابی میں کپتان مصباح الحق کی عمدہ قیادت کا بھی عمل دخل تھا جنھوں نے سلو بولرز کے ساتھ پیس کا بھی اچھا استعمال کرکے بروقت وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

مشتاق نے کہا کہ حریف کو توقع کے مطابق آوٴٹ کرنے کے بعد یہی طے ہوا تھا کہ فتح کی جانب بڑھنا ہے تو مثبت انداز میں بیٹنگ کرنا ہوگی، سلو وکٹ پر اسپنرز کو حاوی ہونے کا موقع دینے سے بیٹسمین کیلیے مشکلات پیدا ہوتی ہیں،اس بات کو محمد حفیظ بڑے اچھے انداز میں سمجھے،انھوں نے رن ریٹ بہتر رکھتے ہوئے ایک مضبوط بنیاد رکھ دی، امید ہے کہ جمعرات کو بھی اسی ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائیگرز پر مزید دباوٴ بڑھائیں گے، اس وکٹ پر ایک اچھی سبقت بولرز کا کام آسان کردے گی۔