کھلنا ٹیسٹ:پاکستان نے تیسرے روز 5 وکٹوں پر 537رنز بنا لیے

جمعرات 30 اپریل 2015 16:14

کھلنا ٹیسٹ:پاکستان نے تیسرے روز 5 وکٹوں پر 537رنز بنا لیے

کھلنا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30اپریل۔2015ء) کھلنا ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 5وکٹوں کے نقصان پر537رنز بنا ئے ہیں۔ شیخ ابونصیر سٹیڈیم،کھلنا میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے تیسرے رو ز پاکستان نے اپنی بیٹنگ کا پراعتماد آغاز کیا اور محمد حفیظ اور اظہر علی نے تیزی سے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا،اس دوران حفیظ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں تیسری مرتبہ 150رنز کا ہندسہ عبور کیا۔

277کے مجموعی سکور پر اظہر علی شواگاتا ہوم کی ایک تیز گیند نہ سمجھ پائے اور 83رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔ ان کے بعد تجر بہ کار بلے باز یونس خان بیٹنگ کے لیے آئے اور حفیظ کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ اس دوران بنگلہ دیش نے محمد حفیظ کی خلاف ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل پر ریویو بھی لیا تاہم وہ ضائع رہا۔

(جاری ہے)

کھانے کے وقفے کے بعد پاکستان نے ایک با ر پھر بنگالی باؤلرز کو پیٹنا شروع کیا تاہم اس دوران یونس خان 33رنز بنا کر تائیج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری سکور کر ڈالی۔ حفیظ 224رنز بنا کر شواگاتا ہوم کی گیند پر محمود اللہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کپتان مصباح الحق نے اسد شفیق کے ساتھ ملکر بنگالی باؤلر کی دھلائی جاری رکھی اور 5ویں وکٹ کی شراکت میں 62رنز جوڑے، مصباح الحق 59رنز بنانے کے بعد تائیج الاسلام کی گیند پر روبیل حسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد آنے والے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے بنگالی باؤلر ز کو پیٹنا جاری رکھا اور اسد شفیق کے ساتھ مل کر 69رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ قائم کر کے پاکستان کی بنگلہ دیش پر برتری 205رنز تک پہنچا دی۔اسد شفیق اور سرفراز احمد 51،51رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تائیج الاسلام3 اور شواگاتا ہوم 2وکٹیں لے کر کامیاب باؤلر رہے۔