چوہے مار بلی مفت دستیاب ہے۔ حیرت انگیز ایپلی کیشن

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 30 اپریل 2015 20:21

چوہے مار بلی مفت  دستیاب ہے۔ حیرت انگیز ایپلی کیشن

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30اپریل۔2015ء)جب سے سمارٹ فون سامنے آئیں ہیں تب سے ہی نت نئی ایپلی کیشنز بھی سامنے آ رہی ہیں۔ بعض بہت ہی دلچسپ ہوتی ہیں۔ابھی تازہ ترین نرالی سی ایپلی کیشن نظروں سے گذری ، اس کی کی مدد سے چوہوں کو مارنے کے لیے بلیاں بک کی جاسکتی ہیں، وہ بھی بالکل مفت۔ فی الحال تو یہ سروس صرف لندن والوں کے لیے ہے۔ لندن کا کوئی باسی اگر چوہوں کی وجہ سے پریشان ہے تو اس ایپلی کیشن کی مدد سے کئی بلیوں میں سے ایک بلی منتخب کرے۔

مذکورہ بلی چند دنوں کے لیے اسے سونپ دی جائے گی(ظاہر ہےچند دنوں میں بلی کے خرچے پانی کی ذمہ داری اسی کی ہو گی)۔ جب بلی گھر سے تمام چوہوں کا صفایا کر دے تو بے شک اسے واپس کر دیں۔ یہ دلچسپ سروس لندن میں صفائی کرنے والی ایک فرم ڈی آئی وائی نے جانوروں کے خیراتی ادارے وڈ گرین کے تعاون سے شروع کی ہے۔

(جاری ہے)

اس تنظیم کا اصل مقصد تو یہ ہے کہ بچائے گئے جانوروں(مطلب صاف ظاہر ہے ، گلی کے آوارہ بلے اور بلیوں) کو کچھ دنوں کے لیے عارضی گھر مل جائے۔

ہینڈی نام کی اس ایپلی کیشن میں صارفین اپنی پسند کی بلی کا انتخاب کر سکتے ہیں۔تنظیم کا کہنا ہے کہ اس منفرد سروس سے لوگوں کے ذہن بلیوں کے بارے میں مثبت سوچنے لگیں گے۔ وڈ گرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ بلیاں مفت دی جاتی ہیں تاہم صارفین سے امید کرتے ہیں کہ جانوروں بہتری کے لیے کچھ نہ کچھ رقم ضرور عطیہ کریں گے۔ ہینڈی ایپلی کیشن آئی او ایس اور اینڈریوڈ دونوں سٹوروں پر دستیاب ہے۔