برج ٹاؤن ٹیسٹ:انگلش کپتان الیسٹر کک کی سنچری کے باوجود ویسٹ انڈیز کا پلڑا بھاری

ہفتہ 2 مئی 2015 11:43

برج ٹاؤن ٹیسٹ:انگلش کپتان الیسٹر کک کی سنچری کے باوجود ویسٹ انڈیز کا ..

برج ٹاؤن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار2 مئی۔2015ء) ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز مہمان ٹیم کے کپتان الیسٹر کک کی جانب سے شاندار سنچری کے باوجود ویسٹ انڈیز کا پلڑا بھاری ہے اور پہلے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 7وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنالیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ شروع کی تو جوناتھن ٹراٹ ایک بار پھر کھاتہ کھولنے سے پہلے داغ مفارقت دے گئے جس کے بعد الیسٹر کک نے 18 رنز بنانے والے گیری بیلنس کے ساتھ مجموعی سکور 38 رنز تک پہنچایا ، این بیل کو بھی 0 کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تو انگلش ٹیم کی تین وکٹیں کھانے کے وقفے تک 71 رنز پر گر چکی تھیں۔

الیسٹر کک نے دوسرے سیشن میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور پانچ چوکوں کی مدد سے 33 رنز سکور کرنے والے جو روٹ کے ساتھ مل کر سکور 91 رنز تک پہنچایا تھا کہ روٹ بھی انہیں تنہا چھوڑ گئے ۔

(جاری ہے)

چائے کے وقفے کے بعد انگلینڈ نے اپنی اننگز چار وکٹوں پر 151 رنز کے ساتھ دوبارہ شروع کی تو معین علی نے الیسٹر کک کا جم کر ساتھ دیا اور یہی وہ شراکت تھی جس نے مہمان ٹیم کی پوزیشن قدرے بہتر بنا دی۔

اسی دوران معین علی نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کر لی مگر سکور 189 رنز پر پہنچا تو معین علی رن آؤٹ ہو گئے جو آٹھ چوکوں اور ایک چھکے سمیت 58 رنز بنا چکے تھے ۔ بین سٹوکس 22رنز ٓبنا کر پوویلین لوٹے اور اس دوران الیسٹر کک نے اپنے ٹیسٹ کیریر کی 26 ویں سنچری سکور کی ، ٹیسٹ کے پہلے دن کی آخری گیند پر کک 105 رنز بنا کر سیمیولز کا نشانہ بنے ، دن کے اختتام پر جوز بٹلر بغیر رن سکور کیے وکٹ پر موجود تھے ، ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبریل اور ہولڈر نے 2،2 جبکہ سیمیولز اور پرمانیول نے 1،1 شکار کیا ۔

متعلقہ عنوان :