وزیراعظم نواز شریف نے دو سالوں میں میڈیا اداروں میں 56 کروڑ روپے تقسیم کئے‘ ریکارد منظر عام پر آ گیا

منگل 5 مئی 2015 12:58

وزیراعظم نواز شریف نے دو سالوں میں میڈیا اداروں میں 56 کروڑ روپے تقسیم ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) وزارت اطلاعات و نشریات نے نواز شریف حکومت کی تشہیر کے لئے قومی خزانہ سے 56 کروڑ روپے دو ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کو جاری کر دیئے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے وزارت اطلاعات و نشریات کی 56 کروڑ جاری کرنے اور وزارت خزانہ سے اضافی گرانٹ کی منظوری کی اجازت دے دی ہے۔آن لائن کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے 27 فروری کو 56 کروڑ روپے کی اضافی گرانٹ کے لئے وزیراعظم کو سمری ارسال کی تھی۔

سیکرٹری خزانہ وقار مسعود نے وزارت اطلاعات و نشریات کی اضافی گرانٹ کی منظوری 27 مارچ 2015ء کو دی جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے یہ سمری 31 مارچ کو منظور کی اور قومی خزانہ سے 56 کروڑ روپے جاری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے یہ احکامات جاوید اسلم سیکرٹری ٹو وزیراعظم کے لیٹر پر جاری کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت نے یہ 56 کروڑ کی اضافی گرانٹ انٹر لنگ ایڈورٹائزنگ کمپنی اور ایم کام ایڈورٹائزنگ کمپنی کو جاری کی ہے.

یاد رہے کہ سی ڈی اے نے ایم کام ایڈورٹائزنگ ایجنسی کو بلیک لسٹ کر رکھا ہے جبکہ اس ملک کے دیانتدار وزیراعظم نے اس کمپنی کو یہ فنڈز جاری کئے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے منظور کی گئی سمری کے مطابق پرنٹ میڈیا میں 10 کروڑ 91 لاکھ 4 ہزار تقسیم ہوں گے جبکہ الیکٹرانک میڈیا میں 45 کروڑ 16 لاکھ روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔ حکومت نے یہ بھاری فنڈز پی ٹی وی پر حملہ‘ پارلیمنٹ پر حملہ‘ پیٹرول قیمتوں میں کمی‘ معیشت پر حملہ‘ سود سے پاک قرضے‘ ملک میں سیاسی استحکام‘ ریاست پر دھاوا‘ موٹر ویز کا افتتاح‘ زرعی پیکج‘ ہزارہ موٹر ویز‘ وزیراعظم کے چین کے دورے‘ حج پیکج اور نندی پور جیسے منصوبوں پر حکومت نے تشہیری مہم چلائی تھی۔

دستاویزات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے ذاتی تشہیر کے لئے قومی خزانہ کا بے دریغ استعمال کیا ہے اور 56 کروڑ جاری کرنے میں ملک کے قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑا دی گئیں ہیں۔

56 کروڑ روپے من پسند کمپنیوں کو براہ راست دینے میں بھاری کمیشن اور کک بیک بھی لئے گئے ہیں ذرائع کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کے اعلیٰ افسران نے بھاری کمیشن کھایا ہے جس کے نتیجہ میں وزارت اطلاعات و نشریات کے اعلیٰ افسر نے لاہور کے پوش علاقے میں عالیشان محل بھی تعمیر کرانے میں مصروف ہے‘ آن لائن نے اس حوالے سے سیکرٹری اطلاعات اعظم خان سے موقف لینے کی بار بار کوشش کی لیکن موصوف نے جواب دینے کی زحمت گوارا بھی نہیں کی۔

پی آئی او راؤ تحسین سے بھی حکومت کا موقف جاننے کی بار بار کوشش کی لیکن انہوں نے بھی جواب دینے کی زحمت نہیں کی۔ وزیراعظم نے پریس سیکرٹری دانیال سے رابطہ کیا تو انہوں نے وزیراعظم کے ترجمان پر ذمہ داری ڈال دی جبکہ آن لائن نے وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے بھی جواب دینے سے انکار کیا.

متعلقہ عنوان :