پاکستان کے اندھیرے مٹانا ہماری ترجیح ہے ، وزیر اعظم نواز شریف

منگل 5 مئی 2015 13:08

پاکستان کے اندھیرے مٹانا ہماری ترجیح ہے ، وزیر اعظم نواز شریف

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مئی2015ء) قائداعظم سولر پارک میں قائم پہلے شمسی توانائی کے منصوبے سے پہلے مرحلے میں 100 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی جو گرڈ اسٹیشنز اور بجلی کی ترسیلی لائنوں کے ذریعے قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں اس منصوبے کی مدد سے 900 میگا واٹ بجلی حاصل کی جائے گی۔ پانچ سو ایکڑ پر محیط پارک میں چار لاکھ شمسی پینل نصب کیے گئے ہیں، جبکہ اس کے ساتھ 132 کے وی کا گرڈ اسٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے۔

پندرہ ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیے جانے والے اس منصوبے کا سنگ بنیاد وزیراعظم نواز شریف نے مئی 2014 میں رکھا تھا، یہ منصوبہ گیارہ ماہ میں مکمل کیا گیا۔ منصوبے کے تمام تر اخراجات پنجاب حکومت نے برداشت کیے ہیں۔ پاکستان کے اندھیرے مٹانا ہماری ترجیح ہے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہ 2017 -2018 میں ملک سے لوڈ شیڈنگ بالکل ختم کردی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے ملک میں روشنیاں لانے کے لیے بڑے منصوبوں پر ہاتھ ڈالا ہے، آج ملک میں بجلی کے آنے کی امید پیدا ہوچکی ہے۔ انھوں نے پاکستان کے اندھیرے مٹانے کو اپنی ترجیح قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں بجلی کی قیمت میں بھی 5 روپے 79 پیسے کمی کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے بہاولپور میں پہلے سولر پاور منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال پہلے یہاں صرف مٹی اور ریت کے ٹیلے تھے، لیکن ہم نے شمسی توانائی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور آج یہاں سولر پینلز کا سمندر نظر آرہا ہے۔

چینی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی ہے جبکہ چین اور پاکستان کی ایک مشترکہ کمیٹی بنانے پر بھی غور کیا جارہا ہے تاکہ ان منصوبوں کی تیز رفتار تکیمل کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیراعظم نے اپنی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس سے پہلے کسی دورِحکومت میں اس طرح سے کام نہیں کیا گیا، یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں جمہوریت بھی ہے اور سول سرونٹس سمیت تمام شعبے کام کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

انھوں نے پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنتی ہے، لیکن اچھے کام کی تعریف بھی ہونی چاہیے۔ وزیراعظم نوازشریف نے اس موقع پر سولر پاور پارک کے منصوبے کے ملازمین کے لیے 2 کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف اور پانی اور بجلی کے وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نواز شریف شمسی توانائی منصوبے کا افتتاح کرنے پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا، اس موقع پر گھوڑوں اور اونٹوں کا روایتی رقص پیش کیا گیا جبکہ علاقائی گیت بھی پیش کیے گئے ۔

متعلقہ عنوان :