کشمیرگیمز2015کے انعقاد کیلئے ڈپٹی کمشنر سردار وحید خان کی سربراہی میں مشاورتی اجلاس

منگل 5 مئی 2015 16:17

کشمیرگیمز2015کے انعقاد کیلئے ڈپٹی کمشنر سردار وحید خان کی سربراہی میں ..

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) کشمیرگیمز2015کے انعقاد کے سلسلہ میں آج ڈپٹی کمشنر ضلع ہٹیاں بالا سردار وحید خان کی سربراہی میں مشاورتی اجلاس ہٹیاں بالا میں منعقد ہو گا۔ پروگرام کوآرڈینیٹرسید ذیشان حیدر، ضلعی سپورٹس آفیسر محمد رمضان، ضلع بھر کی سپورٹس ایسوسی ایشن ہا، تعلیمی ادارہ جات کے سپورٹس ٹیچرز ، کھلاڑیوں سمیت ضلعی انتظامیہ اور آفیسران شریک ہونگے۔

ضلع بھر میں اس میگا ایونٹ کیلئے ہاکی،کرکٹ،فٹبال،بیٹ منٹن، ٹیبل ٹینس، اتھلیٹکس، والی بال ، میراتھن سمیت 8مختلف گیمز کیلئے 200سے زائد ٹیمیں رجسٹرڈ کی جائیں گی۔یونین کونسل ، تحصیل ، ضلعی سطح کے مقابلوں کے بعد 8گیمز میں شاندار ٹیمیں مظفرآباد میں نیشنل گیمز کھیلیں گی۔وزیر سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر محمد سلیم بٹ کی خصوصی ہدایت پر منعقدہ یہ ایونٹ آزادکشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا، جس میں ضلع بھر کے تمام کھیلوں کے میدان نہ صرف آباد ہو گئے بلکہ تمام دیہاتوں اور یونین کونسل ہا کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے مواقع میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر امتیاز احمد اور پروگرام کوآرڈینیٹر سید ذیشان حیدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرگیمز آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے جس میں پوری ریاست میں50ہزار سے زائد کھلاڑی ایک ہی وقت میں مختلف گیمز میں حصہ لے رہے ہوں گے۔