سعودی عربِ،حوثیوں کی گولہ باری سے پانچ سعودی جاں بحق، 12 زخمی

جمعرات 7 مئی 2015 11:39

سعودی عربِ،حوثیوں کی گولہ باری سے پانچ سعودی جاں بحق، 12 زخمی

ریاض( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء )یمن کے سرحدی علاقے سے حوثی شیعہ باغیوں نے مسلسل دوسرے روز سعودی عرب کے سرحدی علاقے کی جانب گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں پانچ شہری جاں بحق اور بارہ زخمی ہوگئے ہیں۔سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ سرحدی قصبے نجران پر حوثیوں کی گولہ باری سے ایک کار میں سوار دو افراد اور دو راہگیر جاں بحق اور گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اسی علاقے میں گشت پر مامور ایک پارٹی پر گولہ گرا ہے جس سے ایک سکیورٹی افسر جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔قبل ازیں منگل کو جیزان میں یمن کی جانب سے فائر کیے گئے ایک میزائل کے حملے میں ایک میاں بیوی جاں بحق ہوگئے تھے۔محکمہ شہری دفاع کے میجر یحییٰ القحطانی نے بدھ کو ایک بیان میں ان کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ میزائل ان کے مکان پر گرا تھا۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز تین اور افراد بھی نجران میں یمن کے سرحدی علاقے سے حوثی باغیوں کی گولہ باری اور راکٹ حملوں کے نتیجے میں مارے گئے تھے۔سعودی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل احمد العسیری نے سرکاری ٹیلی ویڑن سے نشر کیے گئے ایک بیان میں کہا تھا کہ یمنی باغی نجران شہر اور اس کے آس پاس اسپتالوں ،اسکولوں اور شہریوں کے مکانوں پر گولہ باری کررہے ہیں۔انھوں نے باغیوں کو خبردار کیا تھا کہ اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔