سندھ ہائی کورٹ کا حکومت کو ذوالفقار مرزا کو گرفتار نہ کرنے کاحکم

جمعہ 8 مئی 2015 12:37

سندھ ہائی کورٹ کا حکومت کو ذوالفقار مرزا کو گرفتار نہ کرنے کاحکم

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء) سندھ ہائی کورٹ نے سندھ حکومت کو حکم دیا ہے کہ ذوالفقار مرزا کو کلہفتہ تک گرفتار نہ کیا جائے جبکہ ذوالفقار مرزا کو حکم دیا ہے کہ کل ہفتہ تک خود کو اپنے خلاف درج مقدمات میں عدالت کے سامنے پیش کردیں۔ جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ میں ذوالفقار مرزا کی سکیورٹی کے حوالے سے درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس سجاد علی شاہ سمیت سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ذوالفقار مرزا نے انسداد دہشت گردی کی عدالت سمیت جہاں جہاں ان کے خلاف مقدمات ہیں عدالتوں کے سامنے پیش ہوں اور سندھ حکومت انہیں تحفظ فراہم کرے۔

عبوری ضمانت پوری ہونے تک ذوالفقار مرزا کو نہ گرفتار کیا جائے نہ ان کے خلاف نیا مقدمہ بنایا جائے۔

(جاری ہے)

سماعت میں جسٹس سجاد علی شاہ اور ذوالفقار مرزا کے وکیل اشرف سموں میں مکالمہ بھی ہوا۔ اشرف سموں نے عدالت میں کہا کہ ہمیں پولیس پر اعتبار نہیں ،پولیس ذوالفقار مرزا کو عدالت لے جاتے ہوئے جعلی پولیس مقابلے میں مار دیگی جس پر جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو پولیس پر اعتبار نہیں اور سکیورٹی بھی مانگتے ہیں تو کیا فرشتے آکر ذوالفقار مرزا کو سکیورٹی فراہم کرینگے۔ سندھ ہائی کورٹ نے ذوالفقار مرزا کی سکیورٹی سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

متعلقہ عنوان :