محکمہ آبپاشی کو غیر قانونی طریقے سے تباہ کرنے کی کوشش بند کی جا ئیں ،عبدالرحیم بھارو

جمعہ 8 مئی 2015 14:27

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء)آل سندھ ایریگیشن ٹریڈ یونین فیڈریشن کے مرکزی رہنما عبدالرحیم بھارو نے دیگر عہدے داروں کے ہمراہ سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر محکمہ آبپاشی کو غیر قانونی طریقے سے تباہ کرنے کی کوشش بند نہ کی گئی تو اس کے خلاف ملازمین سراپا احتجاج بن جائینگے محکمہ آبپاشی کے کرپشن میں ملوث افسران نے محکمہ آبپاشی کو ذاتی ملکیت سمجھ کراسے دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے جو انتہائی افسوسناک عمل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے بتایا کہ محکمے کے کرپشن اور لوٹ مار میں مصروف افسران ایشاء کے سب سے بڑے نہری نظام کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے لاکھوں ایکڑ زمین بنجر ہو جائیگی انہوں نے مزید کہا کہ محکمے کی ترقی و مرمتی کاموں کے لئے آئے فنڈز بھی ہڑپ کئے جا چکے ہیں جس کی وجہ سے ملازمین میں شدید مایوسی پھیل گئی ہے محکمہ کو تباہ کرنے اور لوٹ مار کا بازار گرم کرنے والے کرپٹ افسران و دیگر افراد کے خلاف آل سندھ ایریگشن ٹریڈ یونین فیڈریشن 11مئی سے مرحلہ وار احتجاجی تحریک گڈو بیئراج سکھر سے شروع کر رہی ہے اور 21مئی کو کراچی پریس کلب کے سامنے ہزاروں ملازمین اپنے حقوق اور محکمے کو بچانے کیلئے احتجاجی دھرنا دینگے انہوں نے بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے ملازمین کی جانب سے پیش کئے جانے ولا بائیس نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ فوری منظور کیا جائے