تمام محکمے پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں،ڈپٹی کمشنر گھوٹکی

جمعہ 8 مئی 2015 14:31

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد طاہر وٹو نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کو ختم کرنے کیلیے کسی بھی حد تک جانا پڑا تو جائیں گے کیوں کہ پولیو وائرس مستقبل کے معماروں پر تلوار بن کے لٹک رہا ہے اس لیے تمام محکموں کو چاہیے کہ وہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیٹی روم میرپور ماتھیلو میں پولیو مہم کے حوالے سے منقعدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع گھوٹکی کے جو علاقے کشمور، کندھکوٹ، سکھر یا پنجاب سے لگ رہے ہیں وہاں کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں تاکہ ضلع گھوٹکی کو امکانی پولیو وائرس سے بچایا جاسکے کیوں کہ پولیو وائرس ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں منتقل ہونے والا وائرس ہے جسے روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں ضلع گھوٹکی کے کچے میں جانے والی پولیو ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور کشتیوں کا بندوبست بھی کیا جائے تا کہ ضلع کا کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران وہ مختلف علاقوں کا دورہ کرکے جائزہ لیں گے اس لیے ایریا انچارجوں سمیت پولیو ٹیموں کو چاہیے کہ وہ سچائی و ایمانداری سے اپنے اپنے فرائض انجام دیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی۔ایچ۔او کو ہدایت دی کی ضلع بھر کی تعلقہ ہسپتالوں میں لوڈشیڈنگ کے دوران جنریٹر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ پولیو ویکسین سمیت کوئی بھی ویکسین خراب نہ ہو اس سلسلے میں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت دی کہ وہ لوڈشیڈنگ کے دوران اپنی اپنی تحصیل کی تعلقہ اسپتالوں کا دورہ کرکے رپورٹ فراہم کریں تاکہ جنریٹر کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف کاررائی کی جائے۔

اس موقع پر پولیو مہم کے ڈسٹرکٹ فوکل پرسن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کی 6 یونین کاؤنسلوں محمد خان گھوٹو، حسین بیلی، قادرپور ، باگو ڈہو، چانڈیا اور رونتی میں 11 مئی کو پولیو مہم شروع ہوگی جو کہ 18 مئی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مہم کے دوران 15 ہزار 8 سو81 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اور 4 ہزار 7 سو 30 بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی جائے گی اس حوالے سے تمام تر انتطامات مکمل کرلیے گئے ہیں

متعلقہ عنوان :