چین اور پاکستان ہماری سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہیں، بھارت

طالبان، داعش اور القاعدہ جیسی تنظیمیں کبھی بھی بھارت کے دروازے پر دستک دے سکتی ہیں، بھارت کو دوسرے ملکوں سے ہتھیار خریدنے کے بجائے ''میک ان انڈیا'' کی مہم کے تحت ملک میں ہی ہتھیاروں کی پیداوار پر زور دینا چاہئے بھارتی فوج کے نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فلیپ کیمپوس کا نیوئیڈا میں آرمی انسٹی ٹیوٹ کی تقریب سے خطاب

اتوار 10 مئی 2015 15:53

چین اور پاکستان ہماری سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہیں، بھارت

سرینگر/ نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 مئی۔2015ء ) بھارتی فوج کے نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فلیپ کیمپوس نے پاکستان اور چین کو بھارت کی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان رواں صدی کے دوران کسی بھی وقت جنگ چھڑ سکتی ہے۔ بھارتی میڈیاکے مطابق لیفٹیننٹ جنرل فلیپ کیمپوس نے نیوئیڈا میں آرمی انسٹی ٹیوٹ کے ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور چین بڑی تیزی کے ساتھ ابھر رہے ہیں جس کا اثر سرحد پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے ہی سرحدی تنازعہ موجود ہے جس کے سبب چین بھارت کی سلامتی کے لئے بڑا خطرہ ہے۔ نائب سربراہ نے کہا کہ بھارت کو دوسرے ملکوں سے ہتھیار خریدنے کے بجائے ''میک ان انڈیا'' کی مہم کے تحت ملک میں ہی ہتھیاروں کی پیداوار پر زور دینا چاہئے۔ لیفٹیننٹ جنرل فلیپ کیمپوس نے اپنی تقریر میں پاکستان کو بھی بھارت کی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ طالبان، داعش اور القاعدہ جیسی تنظیمیں کبھی بھی بھارت کے دروازے پر دستک دے سکتی ہیں۔