بنگلہ دیش کیخلاف ناقص کارکردگی کے باوجود ٹیم اور مینجمنٹ میں کسی طرح کی تبدیلی نہیں کی جائے گی ، چیئرمین پی سی بی

منگل 12 مئی 2015 14:53

بنگلہ دیش کیخلاف ناقص کارکردگی کے باوجود ٹیم اور مینجمنٹ میں کسی طرح ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے ٹیم کو یقین دہانی کروائی ہے کہ بنگلہ دیش کیخلاف ناقص کارکردگی کے باوجود ٹیم اور ٹیم مینجمنٹ میں کسی طرح کی تبدیلی نہیں کی جائے گی‘ ٹیم کو مزید وقت دینا چاہتا ہوں۔ ٹیم ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ناقص کارکردگی پر کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف سے بات کی لیکن سخت رویہ نہیں اپنایا۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتے ہیں کہ بنگلہ دیشی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر مضبوط ہے اور اسے ہرانا آسان نہیں تھا لیکن ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر حیرانی کا اظہار بھی کیا کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ٹیم فائٹ کرتی ہوئی دکھائی نہیں دی۔ چیئرمین پی سی بی نے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو یہ پیغام بھی دیا کہ اظہر علی کو ون ڈے کی قیادت سے نہیں ہٹایا جا رہا، واضح رہے کہ پاکستان کی شکست پر بعض حلقوں میں یہ کہا جا رہا تھا کہ ٹیم میں شامل کچھ کھلاڑی اظہر علی کو بطور کپتان نہیں دیکھنا چاہتے اوراسی وجہ سے انہوں نے دورے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں تین کھلاڑیوں کا نام لیا گیا ہے جن میں ایک آل راؤنڈر، ایک مڈل آرڈر بلے باز اور ایک وکٹ کیپر بیٹسمین شامل ہے۔ تینوں کھلاڑی ون ڈے سیریز میں نہیں چل پائے۔ ٹیم ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے چیئرمین پی سی بی کو ون ڈے میں چند کھلاڑیوں کے رویئے اور اظہر علی کو بطور کپتان قبول نہ کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے اگرچہ اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی لیکن میرپور ٹیسٹ کی رات انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ ڈنر کیا اور وہاں انہوں نے واضح کر دیا کہ اظہر علی کو بطور کپتان برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اظہر علی نے ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں جیسی کارکردگی دکھائی ہے، اس کے بعد انہیں عہدے سے ہٹانے کا امکان ختم ہو گیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے وقار یونس کے حوالے سے کوئی واضح بات نہیں کی تاہم انہوں نے یہ اعلان بھی کر دیا کہ ٹیم مینجمنٹ میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :