Live Updates

فیصل آبا، سانحہ ناولٹی پل ، پی ٹی آئی کارکن کے قتل میں ملوث لیگی کار کنوں کی درخواست ضمانت مسترد

فیصل آباد پولیس ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت برسر اقتدار پارٹی کا ساتھ دے رہی ہے جو انصاف کے برعکس ہے سانحہ میں ملوث سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اﷲ ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل اور دیگر ملزمان کو فوری گرفتار کیاجائے، شیخ خرم و دیگر کی پریس کانفرنس

منگل 12 مئی 2015 22:48

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء) انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج راجہ پرویز ارشد نے سانحہ ناولٹی پل فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکن حق نواز کے قتل میں ملوث مسلم لیگ (ن) گرفتار دو کارکنوں الیاس طوطی اور امتیاز کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے ۔ دریں اثناء تحریک انصاف فیصل آباد کے ممبر صوبائی اسمبلی شیخ خرم شہزاد ضلعی صدر رانا راحیل صوبائی نائب صدر شہزاد یونس اور دیگر عہدیداروں نے ہنگامی پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ ناولٹی پل میں ملوث سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اﷲ ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل اور مقدمہ کے ایف آئی آر میں ملوث دیگر ملزمان کو فوری گرفتار کیاجائے انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پولیس ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت برسر اقتدار پارٹی کا ساتھ دے رہی ہے جو انصاف کے برعکس ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ خصوصی عدالت کے سپرد کیاجائے اور جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم میں آئی بی ، ایم آئی اور انٹیلی ایجنسیوں کو بھی شامل کیاجائے تاکہ حقائق منظر عام پر آسکیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے دورہ فیصل آباد کے موقع کے دوران فیصل آباد شہر میں ہڑتال تھی اس دوران پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی ریلی پر مسلم لیگ کے کارکنوں کی فائرنگ سے تحریک انصاف کے سرگرم کارکن حق نواز قتل ہوگئے تھے بعد ازاں حق نواز کے قتل میں اس کے بھائی عطاء محمد نے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ ڈی سی او فیصل آباد ڈی ایس پی ملک خالد اور ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل اور وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی اور دیگر افراد کیخلاف قتل کا مقدمہ تھانہ سمن آباد میں درج کروایا تھا جبکہ پولیس نے اس مقدمہ میں اہم سیاسی شخصیات کے علاوہ ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل کو مقدمہ سے بے گناہ قرار دیکر ان کو بے گناہ ثابت کردیا تھا جبکہ دیگر افراد اور مسلم لیگ کے چند کارکنوں کو مقدمہ میں ملوث کرتے ہوئے تحریک انصاف کارکنوں کیخلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا تھا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات