روم ماسٹرز ، نوواک جوکووچ کی پری کواٹر فائنل مین پیش قدمی

بدھ 13 مئی 2015 12:37

روم ماسٹرز ، نوواک جوکووچ کی پری کواٹر فائنل مین پیش قدمی

روم (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار13مئی۔2015ء) اٹلی میں جاری روم ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ پری کوارٹر فائنل میں داخل ہوگیا جہاں ٹاپ سیڈ سربین سٹار نوواک جوکووچ، اسپین کے ڈیوڈ فیرر، سوئٹزر لینڈ کے سٹینسلاس واورینکا اور جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن حریف کھلاڑیوں کو زیر کر کے لاسٹ سکسٹین راؤنڈ میں پہنچ گئے تاہم ٹاپ ٹین میں شامل کروشیا کے مرین سلچ سپین کے گلرمو گارشیا لوپیز کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق عالمی نمبر ایک سربین پلیئر نوواک جوکووچ اسپین کے نکولس المیگرو کیخلاف پہلا سیٹ با آسانی چھ، ایک سے جیتنے کے باوجود دوسرا سیٹ ٹائی بریکر پر چھ، سات سے ہار گئے تھے البتہ تیسرا اور فیصلہ کن سیٹ چھ، تین سے جیت کر جوکووچ پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ۔

(جاری ہے)

سیونتھ سیڈ اسپین کے ڈیوڈ فیررنے فرانس کے رچرڈ گیسکوئے کیخلاف چھ، چار اور سات، پانچ سے جیت کو گلے لگا لیا۔

نمبر آٹھ سیڈ سوئٹزر لینڈ کے سٹینسلاس واورینکا نے ارجنٹائن کے یوآن موناکو کیخلاف سخت مقابلے میں چار، چھ، چھ، تین اور چھ، دو سے کامیابی حاصل کرلی۔ جرمنی کے فلپ کولشرائبر جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کیخلاف تین، صفر کے اسکور پر مقابلے سے دستبردار ہوگئے ۔ قبل ازیں کھیلے گئے پہلے راؤنڈ کے میچز میں نمبر نو سیڈ کروشیا کے مرین سلچ کو سپین کے گلرمو گارشیا لوپیز کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوگئی، گلرمو گارشیا کی جیت کا اسکور چھ، چار اور چھ، تین رہا۔

سپین کے فیلسیانو لوپیز نے آسٹریلیا کے نک کیریگس، فرانس کے جو ولفرائیڈ سونگا نے امریکا کے سام کیوری، سپین کے رابرٹو بوٹسٹا نے ہموطن مارسیل گرینولرز، بلجیم کے ڈیوڈ گوفن نے اٹلی کے آندرے ارنابولڈی، سربیا کے وکٹر ٹرائیکی نے آسٹریلیا کے برنارڈ ٹامچ اور برازیل کے تھوماس بیلوشی نے سلواکیہ کے مارٹن کلیزان کو رخصتی کا پروانہ تھما کر دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے ۔