سپورٹس اسٹیڈیم اور ریسٹ ہاؤس کے تعمیراتی کام پر کوئی کمپرو مائز نہیں کیا جائے گا‘چوہدری ذوالفقار اعظم

بدھ 13 مئی 2015 15:01

سپورٹس اسٹیڈیم اور ریسٹ ہاؤس کے تعمیراتی کام پر کوئی کمپرو مائز نہیں ..

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 مئی۔2015ء)ڈائریکٹر جنرل منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری ذوالفقار اعظم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی ہدایات پر متاثرین منگلا ڈیم کے لیے بنائے جانے والے اسلام گڑھ اور چکسواری ٹاؤنز میں سپورٹس اسٹیڈیم اور چکسواری ریسٹ ہاؤس کے تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے سپورٹس اسٹیڈیم اور ریسٹ ہاؤس کے تعمیراتی کام پر کوئی کمپرو مائز نہیں کیا جائے گا ۔

عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ متاثرین منگلا ڈیم کے لیے بنائے جانے والے نیوسٹی اور تمام سمال ٹاؤنزمیں منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی کے متعلق متاثرین کے جملہ معاملات یکسو کریں گے متاثرین منگلا ڈیم نے پاکستان سے جس گہری وابستگی کے اظہار میں اپنے آباؤ اجداد کی قربانیاں دی ہیں ان کا کوئی صلہ دے ہی نہیں سکتا ۔

(جاری ہے)

متاثرین کے جملہ مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید بھر پور کوششیں کررہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے متاثرین منگلا ڈیم کے لیے بنائے جانے والے اسلام گڑھ اور چکسواری ٹاؤنز کے دورہ کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبہ جات کا معائنہ کیا ۔ انھوں نے سپورٹس اسٹیڈیم اسلام گڑھ اور چکسواری سمیت نیو ٹاؤن چکسواری میں تعمیر ہونے والے ریسٹ ہاؤس کے ترقیاتی منصوبہ کا بھی معائنہ کیا ۔

اس موقع پر ایکیسن شاہرات محمود ممتاز راٹھور ، ڈائریکٹر ایڈ من چوہدری مجید ،ایس ڈی او اسد اللہ جرال سمیت دیگر متعلقین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ایکسین شاہرات محمود ممتاز راٹھور نے انھیں تعمیراتی کاموں کے سلسلہ میں بریفنگ دی ۔ ڈائریکٹر جنرل منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری ذوالفقار اعظم نے کنٹریکٹر اور دیگر متعلقین کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی کاموں کی رفتار تیز کریں اور ترقیاتی منصوبہ جات کے معیار کا خیال رکھیں ۔ ترقیاتی منصوبہ جات میں غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ متاثرین منگلا ڈیم کو سہولیات و مراعات فراہم کرنے کے لیے ایم ڈی ایچ اے اپنا کلیدی کردار ادا جاری رکھے گا۔