سانحہ صفورا میں جاں بحق 44 افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، رقت آمیز مناظر

جمعرات 14 مئی 2015 11:07

سانحہ صفورا میں جاں بحق 44 افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، رقت آمیز ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مئی2015ء)سانحہ صفورا گوٹھ میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ الاظہر گارڈن میں ادا کر دی گئی ، جاں بحق افراد کی تدفین سخی حسن میں واقع آغا خان کمیونٹی کے قبرستان النور میں کی جائے گی۔ عزیز واقارب ، دوستوں اور اسماعیلی کمیونٹی کے ہزاروں افراد نے آہوں اور سسکیوں میں سانحہ صفورا میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کی ، اس موقع پر کئی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے ۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں وزیر مملکت عبدالحکیم بلوچ ، مسلم لیگ نواز کے سینیٹر سلیم ضیا ، تحریک انصاف کے علی زیدی ، مسلم لیگ ق کے حلیم عادل شیخ بھی شریک ہوئے ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی سے پہلے آغا خان ہسپتال سے 32 جبکہ ایدھی سرد خانے سے 12 میتوں کو الاظہر گارڈن لایا گیا ۔ اس موقع پر الاظہر گارڈن سے لے کر یونیورسٹی روڈ تک پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے علاوہ پولیس کے 200 ، ریپڈ ریسپانس فورس کے 100 جوان اور اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ بھی تعینات رہے ۔ تمام جاں بحق افراد کی تدفین سخی حسن میں واقع آغا خان کمیونٹی کے قبرستان النور میں کی جائے گی ۔ اس سے قبل 17سالہ نوجوان سنی سلطان کو سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔