زمبابوے نے طے شدہ شیڈول کے تحت دورہ پاکستان کی یقین دہانی کروا دی ‘ شہریار خان

جمعہ 15 مئی 2015 20:39

زمبابوے نے طے شدہ شیڈول کے تحت دورہ پاکستان کی یقین دہانی کروا دی ‘ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء) زمبابوے نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو طے شدہ شیڈول کے تحت دورہ پاکستان کی یقین دہانی کروا دی جبکہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ زمبابوین بورڈ کے صدر نے فون کر کے دورہ پاکستان شیڈول کے مطابق کرنے کا کہا ہے جبکہ اس حوالے سے مہمان بورڈ کو تحریری طور پر آگاہ کرنے کا کہا ہے جس پر انہوں نے حامی بھرلی ہے، زمبابوین ٹیم 19مئی کو پاکستان پہنچے گی اور تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے خوشخبری سنا تے ہوئے کہا کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ رات ساڑھے گیارہ بجے زمبابوے بورڈ کے صدر نے کہا کہ ٹیم پاکستان آرہی ہے۔

(جاری ہے)

آج بھی زمبابوے بورڈ کے صدر ولسن مناسے نے دورہ کنفرم کیا ہے۔

پی سی بی نے ان سے تحریری جواب مانگاجس پر انہوں نے اس کی حامی بھر لی ہے ۔زمبابوے کرکٹ ٹیم طے شدہ پروگرام کے مطابق 19اپریل (منگل )زمبابوے کی ٹیم 19مئی کو پاکستان آرہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 22سے 31مئی تک 2ٹی ٹونٹی اور 3ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔2ٹی ٹونٹی میچز 22اور 24مئی کو کھیلے جائیں گے جبکہ ایک روزہ میچوں کی سیریز 26، 29اور 31مئی کو کھیلی جائے گی اور تمام میچز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے حوالے سے چیف سیکریٹری سے بات ہوئی ہے جبکہ صوبائی حکومت نے بھی مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کی ٹیم کا دورہ پاکستان انتہائی اہم ہے جس سے ہمیں بہت فائدہ ہوگا اور ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھلیں گے جبکہ شاہد آفریدی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ اونچی ہستی ہیں اس لئے انہیں شان و شوکت سے رخصت کیا جائے گا۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان رمیز راجا نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ نے جلد بازی میں فیصلہ کیا، لیکن یہ بات خوش آئند ہے کہ وہ اب پاکستان آکر کھیلنے کو تیار ہیں ۔ زمبابوے ٹیم کو 19مئی کو پاکستان پہنچنا ہے لیکن کرکٹ زمبابوے کی طرف سے کبھی ہاں کبھی نا نے پی سی بی کیلئے بھی مشکلات پیدا کردیں۔شیڈول کے مطابق زمبابوے کی کرکٹ ٹیم 19مئی کو پاکستان کے دورے پر پہنچے گی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔

دورے کے پہلے مرحلے میں دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل 22اور 24مئی کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد 26، 29اور 31مئی کو ون ڈے انٹرنیشنل ہوں گے۔یہ تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔زمبابوے کی ٹیم یکم جون کو وطن روانہ ہو جائے گی۔واضح رہے کہ بدھ کو کراچی میں اسماعیلی برادی کی بس میں حملے میں 46افراد کی ہلاکت کے بعد زمبابوے کی جانب سے دوبارہ سکیورٹی کا جائزہ لینے کے اعلان کے بعد یہ دورہ ملتوی ہونے کا خدشہ تھا۔

گزشتہ روز زمبابوے کرکٹ بورڈ نے ایک بیان کے ذریعے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا بھی اعلان کیا تھا تاہم 15منٹ بعد ہی بیان واپس لے لیا گیا اور کہا گیا کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ جمعہ کو کیا جائے گا۔2009ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پہلی مرتبہ کوئی عالمی ٹیم پاکستان کا رخ کر رہی ہے۔گزشتہ مہینے سیریز کا شیڈول طے کرنے کے دوران پی سی بی نے زمبابوے کو لاہور کے ساتھ ساتھ کراچی میں کھیلنے پر رضامند کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم مہمان ٹیم کے ارکان نے زیادہ سفر پر اپنے تحفظات ظاہر کیے تھے۔

مئی کے آغاز میں زمبابوے کرکٹ یونین کے مینیجنگ ڈائریکٹر الیسٹر کیمبل کی سربراہی میں پانچ رکنی سیکورٹی وفد نے لاہور کا دورہ کیا تھا، جس دوران انہیں سیکورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ عنوان :