سپرایٹ ٹی ٹونٹی، سیالکوٹ سٹالینز کے رنز کا سیلاب ایبٹ آباد فالکنز کو بہا کر لے گیا

ہفتہ 16 مئی 2015 11:30

سپرایٹ ٹی ٹونٹی، سیالکوٹ سٹالینز کے رنز کا سیلاب ایبٹ آباد فالکنز کو ..

فیصل آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار16مئی۔2015ء) قومی سپر ایٹ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں سیالکوٹ سٹالینز کے رنز کا سیلاب ایبٹ آباد فالکنز کو بہا لے گیا ، سیالکوٹ نے پہلے کھیل کر مقررہ 20 اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 240رنز بنائے ،بلال آصف 114اورشعیب ملک ناقابل شکست 56رنز بنا کر نمایاں رہے جواب میں ایبٹ آباد فالکنز کی ٹیم153پر ڈھیر ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں جاری قومی سپر 8 ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں سیالکوٹ سٹالینز نے ایبٹ آباد فالکنز کو 87رنز سے شکست دیدی ۔

ایبٹ آباد فالکنز کے کپتان جنید خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سیالکوٹ کے بلے بازوں نے تباہی مچادی ،بلال آصف نے شاندار بلے بازی کا مظاہر ہ کر تے ہو ئے 48گیندوں پر 8چوکوں اور 10چھکوں کی مدد سے 114رنز کی یادگار اننگز کھیلی جبکہ شعیب ملک نے ناٹ آؤٹ 56رنز بنا کر رہی سہی کسر نکال دی ،سیالکوٹ نے مقررہ اوورز میں 4وکٹیں گنوا کر 240رنز کا مجموعہ سکور بورڈ کی زینت بنایا ۔

(جاری ہے)

جواب میں ایبٹ آباد فالکنز کی ٹیم 17.3اوورز میں 153رنز پر ڈھیر ہو گئی ،کپتان جنید خان 36رنز بنا کر نمایاں رہے ، اسامہ میر نے 4وکٹیں لیں ،بلال آصف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ قبل ازیں گروپ اے میں راولپنڈی ریمز اور پشاور پینتھرز کے مابین میچ کھیلا گیا۔ پشاور پینتھرز کے کپتان زوہیب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دی۔

راولپنڈی ریمز کے اوپننگ بلے بازخرم شہزاد اور نوید ملک نے اپنی ٹیم کو پہلی وکٹ پر مستحکم آغاز فراہم کیا لیکن50رنز پرخرم شہزاد 16رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لو ٹ گئے ۔ ا س دوران نوید ملک کا بیٹ رنز اگلتا رہا جنہوں نے مخالف باؤلر زکی خوب خبر لیتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی ۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں بیش قیمت 56رنز بنائے گئے جس کیلئے نوید ملک کو زاہد منصور کا تعاون حاصل رہا جو 34رنز بنانے کے بعدآؤٹ ہوئے ۔

راولپنڈی کا مجموعی سکور جب106رنز پر پہنچا تو نوید ملک کی گراؤنڈ سے روانگی ہوگئی جو 40گیندوں پر سات چوکوں اور دو چھکوں سے مرصع57رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔ آل راؤنڈر حماد اعظم نے بیس گیندوں پر 23رنز بنا کر اپنی ٹیم کے مجموعی سکور کو مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں پر 145رنز تک پہنچا دیا۔ پشاور پینتھرز کی جانب سے عمران خان جونیئر سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے محض 13رنز دے کر تین وکٹیں اپنے نام کیں۔ جواب میں پشاور پینتھرز نے ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر تین وکٹیں گنوا کر حاصل کر لیا۔ مڈل آرڈر بلے بازعادل امین نے ناقابل شکست53رنز بنائے ۔عادل امین اور عمران خان جونیئر کو مشترکہ طور پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :