27 رجب المرجب ،آج شب معراج نہایت عقیدت و احترام منائی جائیگی

ہفتہ 16 مئی 2015 12:10

27 رجب المرجب ،آج شب معراج نہایت عقیدت و احترام منائی جائیگی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مئی2015ء)آج رجب کی ستائیویں شب ہوگی ،یہ وہی با برکت رات ہے جب سرور کونین،نبی آخری الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے آسمانوں کے دروازے کھولے گئے۔حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا معجزہ واقعہ معراج نسل آدم کے لئے تسخیر کائنات کا سبب بنا۔رجب کی ستائیسویں شب حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو معراج کا شرف عطا ہوا۔

جب رب کائنات کی رحمت ،رات کے مختصر وقفے میں رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مسجدِ حرام سے نہ صرف مسجدِ اَقصیٰ تک بلکہ کائنات کی لا محدود وُسعتیں پار کر کے سوئے عرش پرلے گئی۔سفر کے آغاز میں جبرائیل امین نے نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں براق حاضر کیا۔سفر کے دوران آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نےتمام انبیائے کرام کی نماز کی امامت فرمائی۔

(جاری ہے)

آسمانوں پر آپکی ملاقات مختلف انبیائے کرام سے بھی ہوئی۔ اسی سفر میں نماز بھی فرض ہوئی،سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جنت کی رحمتیں اور دوزخ کے عذاب کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے واقعہ کی سب سے پہلے تصدیق کرنے پر یار غار،خلیفہ اول حضرت ابوبکرؓ کو”صدیق”کے لقب سے نوازا۔واقعہ معراج نے آگے چل کر تحقیق و جستجو کے دروازوں پردستک دی اور انسانوں نےخلاء کے پیچیدہ راستوں کی تلاش کا کارنامہ انجام دیا۔