پی سی بی حکام کا بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کو قربانی کا بکرا بنانے کا فیصلہ

ہفتہ 16 مئی 2015 12:34

پی سی بی حکام کا بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کو قربانی کا بکرا بنانے کا فیصلہ

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار16مئی۔2015ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حالیہ ناکامیوں کے بعد قومی بیٹنگ کوچ کو قربانی کا بکرا بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ گرانٹ فلاور کی جگہ انضمام الحق کو ذمہ داریاں سونپنے پر غورکیا جا رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق زمبابوے کے سابق بیٹسمین گرانٹ فلاور کو گزشتہ سال اس وقت یہ عہدہ سونپا گیا تھا جب ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمورعہدے سے الگ ہوئے تھے اور پی سی بی نے وقار یونس کو ہیڈ کوچ مقررکرنے کے ساتھ گرانٹ فلاور کو ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا تھا۔

گرانٹ فلاور کی کوچنگ کے دوران پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور اب تک جن چھ ون ڈے سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ان میں سے بیشتر مواقع پر بیٹنگ لائن نے بری طرح مایوس کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چیئرمین پی سی بی زمبابوے کے خلاف سیریز سے قبل ہی گرانٹ فلاور کی جگہ انضمام الحق کو یہ ذمہ داری سونپنا چاہتے تھے تاہم یہ فیصلہ فی الحال موخر کر دیا گیا ہے ۔

ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد کو انضمام الحق کا قریبی دوست سمجھا جاتا ہے اورخیال کیا جا رہا ہے کہ وہ بھی سابق کپتان کو ٹیم کا بیٹنگ کوچ دیکھنا چاہتے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے اس سلسلے میں غور شروع کردیا ہے جبکہ ہیڈ کوچ وقار یونس بھی انضمام الحق کے حوالے سے منظوری دے چکے ہیں۔ اگر گرانٹ فلاور کو ٹیم سے ہٹایا گیا تو پھر فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن کی بھی چھٹی کر دی جائے گی کیونکہ دونوں کا کنٹریکٹ جولائی میں ختم ہونے والا ہے مگر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انہیں ایک ماہ قبل ہی رخصت کر دیا جائے گا اور ایسا نہ ہونے پر بھی کنٹریکٹ میں توسیع کا کوئی امکان نہیں ہے ۔

متعلقہ عنوان :