بینک اکاؤنٹ میں 3کروڑ روپے کی موجودگی ‘ ایف بی آر نے ایان علی کی والدہ کو پوچھ گچھ کیلئے طلب کرلیا

ہفتہ 16 مئی 2015 13:45

بینک اکاؤنٹ میں 3کروڑ روپے کی موجودگی ‘ ایف بی آر نے ایان علی کی والدہ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 مئی۔2015ء) فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کے انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ونگ نے منی لانڈرنگ کیس میں ماڈل ایان کی والدہ فرحت سلطانہ کو ان کے بینک اکاوٴنٹ میں موجود ساڑھے 3 کروڑ روپے کے حوالے سے پوچھ گچھ کرنے کے لیے طلب کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر ونگ صرف یہ ہی نہیں جاننا چاہتا کہ فرحت سلطانہ کے اکاوٴنٹ میں یہ رقم کہاں سے آئی بلکہ اس کا مقصد اس بات کا بھی پتہ چلانا ہے کہ انھوں نے ماضی میں انکم ٹیکس ادا کیا ہے یا نہیں۔

دوسری جانب ایان کے پلاٹوں کی فائل خریدنے والے اویس احمد اور ممتاز حسین، جنھوں نے پلاٹوں کی فروخت کے لیے مڈل مین کا کردار ادا کیا تھا، طلبی کے باوجود بھی ایف بی آر ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تفتیش کاروں نے دونوں کو دوبارہ سے نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اگر وہ پھر بھی پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

جب اس سلسلے میں اِن لینڈ ریوینیو کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے ایان علی کی والدہ کو طلب کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایف بی آر ٹیم یہ جاننا چاہتی ہے کہ ایان کی والدہ کا ذریعہ آمدنی کیا ہے اور کیا انھوں نے کبھی ٹیکس ادا کیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ہارون ایم ترین کی سربراہی میں ایک ایف بی آر ٹیم ایان کے ٹیکس ریکارڈ اور ان کے ذریعہ آمدنی کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ونگ بھی ایان علی کے سفری اخراجات کی تفصیلات کے حوالے سے تفتیش کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :