ارجنٹائن میں مداحوں نے فٹ بالرز پرکالی مرچوں سے حملہ کر دیا

ہفتہ 16 مئی 2015 14:35

ارجنٹائن میں مداحوں نے فٹ بالرز پرکالی مرچوں سے حملہ کر دیا

بیونس آئرس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار16مئی۔2015ء) ارجنٹائن میں مداحوں نے حریف فٹبالرز پر کالی مرچوں کا سپرے کردیا، 4 کھلاڑی اس سے شدید متاثر ہوئے، سائوتھ امریکن کنفیڈریشن نے اس ناخوشگوار واقعے پر اجلاس طلب کرلیا جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ میچ کو ختم یا بوکا جونیئرز کلب کو ایونٹ سے باہر کردیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق دنیائے فٹبال میں تشدد کے واقعات کوئی نئی بات نہیں ہیں مگر گذشتہ روز ارجنٹائن میں کوپا لبرٹا ڈوز لیگ کے میچ میں ایک منفرد حادثہ پیش آیا، دوران میچ سٹیڈیم میں موجود بوکا جونیئرز کے مداحوں نے حریف ریور پلیٹ کے پلیئرز پر کالی مرچوں کا سپرے کردیا، اس موقع پر حکام کوپا لبرٹاڈورز کے گیم کو روکنے پر مجبور ہوگئے، میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حادثے میں 4 ریور پلیئرز شدید متاثر ہوئے، دونوں ٹیموں کے مابین میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابری پر اختتام پذیر ہوا تھا۔

(جاری ہے)

پلیئرز دوسرے ہاف کیلیے میدان میں آرہے تھے کہ بومبونیرا سٹیڈیم میں موجود 60 ہزار کے مجمع سے کچھ شائقین نے ان پر کالی مرچوں کا سپرے کردیا، اس کے بعد حالات ایسے بے قابو ہوئے کہ انتظامیہ میچ روکنے پر مجبور ہوگئی اور بوکاکے سٹیڈیم میں بھگدڑ مچ گئی ۔ ساؤتھ امریکن فٹبال کنفیڈریشن نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اہم اجلاس طلب کرلیا ، اس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ میچ کو صرف ریور پلیٹ کی فتح پر اختتام پذیر کرنا ہے یا مداحوں کے اس خطرناک طرزعمل پر بوکا جونیئرز کو ہی ایونٹ سے باہر کردیا جائے ۔ یاد رہے کہ ریور پلیٹ نے راؤنڈ آف 16کا فرسٹ لیگ میچ 1-0سے جیتا تھا ۔

متعلقہ عنوان :