زمبابوین ٹیم کی سکیورٹی کیلئے پولیس افسران متحرک، سی سی پی او کا ائیرپورٹ ، ڈی آئی جی آپریشنز کا قذافی اسٹیڈیم کا دورہ

پولیس کے اعلیٰ افسران نے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، ڈیوٹیوں پر تعینات افسران اور اہلکاروں کو بریفنگ مہمان ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا پروٹوکول او رسکیورٹی دی جائیگی ،تمام سکیورٹی ادارے متحرک رہیں ‘ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف

ہفتہ 16 مئی 2015 16:43

زمبابوین ٹیم کی سکیورٹی کیلئے پولیس افسران متحرک، سی سی پی او کا ائیرپورٹ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 مئی۔2015ء) پاکستان کے دورہ پر آنیوالی زمبابوین کرکٹ ٹیم کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے تناظر میں کیپٹل سٹی پولیس چیف کیپٹن (ر) امین وینس نے لاہور ائیر پورٹ اورڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا ، افسران کو مہمان ٹیم کی ائیرپورٹ آمد ،روٹ ،اسٹیڈیم اور ہوٹل میں قیام کے دوران حفاظت کی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ کا دورہ کر کے مہمان ٹیم کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے حوالے سے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔سی سی پی او نے اس موقع پر ائیر پورٹ پر ڈیوٹی کیلئے تعینات ہونے والے افسران اور اہلکاروں کو بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ مہمان ٹیم کی آمد کے موقع پر ائیر پورٹ کے علاقے میں سکیورٹی کی ذمہ داری ایس پی کینٹ امتیاز سرور جبکہ ائیر پورٹ سے باہر روٹ پر سکیورٹی کی ذمہ داری ایس پی سٹی اسد سرفراز کی ہو گی ۔

سی سی پی او نے بعد ازاں ائیر پورٹ سے ملحقہ علاقوں کا بھی دورہ کیا اور افسران اور اہلکاروں کو سکیورٹی کے حوالے سے احکامات جاری کئے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او کا کہنا تھاکہ مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ کسی بھی شر پسند عناصر کو امن خراب کرنے کا موقع نہیں دیں گے۔ مہمان ٹیم کی آمد ، روٹ ، اسٹیڈیم اور ہوٹل میں قیام کے دوران حفاظت کے لئے افسران کو ذمہ داریاں تفویض کر کے سخت احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بھی دیگر افسران کے ہمراہ قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کر کے حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ماتحت افسران اور اہلکاروں کو سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی ۔اس موقع پر ڈی آئی جی کا کہنا تھاکہ مہمان ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا پروٹوکول او رسکیورٹی دی جائے گی ،مہمان ٹیم کی حفاظت اور میچز کے دوران سکیورٹی انتظامات میں کسی طرح کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

تمام سکیورٹی ادارے متحرک ہیں اور فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل رابطے میں ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیموں کی آمدورفت کے دوران ہوٹل سے اسٹیڈیم تک ٹریفک مکمل طور پر بند رہے گی ۔ ذرائع کے مطابق مہمان ٹیم کی حفاظت او ر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلوں کے دوران مجموعی طور پر چھ ہزار اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی نگرانی کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :