اقتصادی راہداری منصوبہ ملک میں ترقی کا ضامن ہوگا،سینیٹر راحیلہ گل مگسی

وزیراعظم جلد حیدرآباد کا دورہ اور بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے ،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 16 مئی 2015 21:41

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 مئی۔2015ء) مسلم لیگ(ن) کی رہنما سینیٹر راحیلہ گل مگسی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ اس ملک میں ترقی کا ضامن ہوگا،جب سے نواز شریف کی حکومت آئی ہے ملک میں ترقی اور خوشحالی ہوئی ہے اور امن آیا ہے۔وہ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر اسلام آباد سے آنے والی گرین لائن ٹرین کے استقبال کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے، وزیراعظم آرمی چیف کے ساتھ مل کر دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاک چائنا کوریڈور پروجیکٹ اس ملک میں ترقی کا ضامن ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور عوام مبارکباد کے مستحق ہوں گے ، انہوں نے عوام کو یہ پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کی، وفاقی وزیر ریلوے کی محنتوں سے محکمہ ریلوے ایک بار پھر اپنے پاؤں پر کھڑا ہوجائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کو حیدرآباد دورے کی دعوت دی ہے وہ بہت جلد حیدرآباد کا دورہ کریں گے اور حیدرآباد کیلئے بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے۔ اس ٹرین کے ذریعے متوسط طبقے کو اچھی سہولیات میسر ہوں گی۔ طلبہ وتاجروں کیلئے اس ٹرین میں وائی فائی کی سروس بھی مہیا کی گئی ہے ، انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت میں ریلوے کا نظام مکمل طورپر تباہ وبرباد ہوچکا تھا لیکن وزیراعظم کی بصیرت سے آج یہ نظام اپنے پاؤں پر کھڑا ہورہا ہے ۔

علاوہ ازیں اسلام آباد سے حیدرآباد کراچی تک شروع کی گئی گرین لائن ٹرین حیدرآباد پہنچی تو حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر مسلم لیگ(ن) کی سینیٹر راحیلہ گل مگسی سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے ٹرین میں سوار مسافروں کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر راحیلہ گل مگسی نے ربن کاٹ کر حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کا افتتاح کیا۔ ریلوے اسٹیشن پر ملی نغمے اور قومی ترانہ بجایا جاتا رہا، ٹرین کی آمد کے حوالے سے حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کو قومی پرچموں ، جھنڈیوں اور خیرمقدمی بینروں سے سجایا گیا تھا، ٹرین کی آمد کے ساتھ ہی استقبال کرنے والے شرکاء نے پاکستان زندہ باد ، پاک فوج زندہ باد ، وزیراعظم زندہ باد کے نعرے لگائے۔

متعلقہ عنوان :