زمبابوے کرکٹ بورڈ دورہ کے حوالے سے لاعلم ، کنفیوژن بدستور برقرار

اتوار 17 مئی 2015 13:36

زمبابوے کرکٹ بورڈ دورہ کے حوالے سے لاعلم ، کنفیوژن بدستور برقرار

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار17مئی ۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کا دعوی ہے کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ نے اپنی ای میل میں دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے اور مہمان ٹیم دورہ کا آغاز منگل کو کرےگی تاہم زمبابوے کر کٹ بورڈ تاحال دورہ سے لاعلم ہے جس کی وجہ سے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے اب بھی کنفیوژن برقرار ہے ۔ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے ترجمان لو مور نے پاکستانی میڈیا کی جانب سے رابطہ کرنے پر بتایا کہ انہیں اس بارے میں کوئی علم نہیں ہے کہ انکی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی یا نہیں۔

زمبابوے کرکٹ یونین کی ویب سائٹ پر بھی اپ ڈیٹ موجود نہیں ہے تاہم زمبابوے کرکٹ یونین نے پی سی بی کو بتایا ہے کہ وہ جلد دورے کے بارے میں آئی سی سی کو اطلاع دے دیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی حکومت اور زمبابوے بورڈ کے درمیان مسائل موجود ہیں جو دورے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس بارے میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے ترجمان کا کہنا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورے کی تصدیق کردی ہے لیکن ہمیں اس بارے میں زمبابوے کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

جب دونو ں ملکوں کی جانب سے دورے کی تصدیق ہوگی اس کے بعد امپائروں اور میچ ریفریز کا تقرر کیا جائے گا ۔ اس وقت تک زمبابوے کرکٹ بورڈ کی جانب سے خاموشی ہے۔پی سی بی کے مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مہمان ٹیم کھلاڑیوں کی فہرست کے علاوہ ٹیم کے ہمراہ سیکیورٹی ٹیم بھی لاہور آئے گی اور زمبابوے بورڈ کے تین افسران بھی پاکستان آرہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :