صوبائی وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر)شجاع خانزادہ اور وزیر کھیل رانا مشہود کا قذافی سٹیڈیم کا دورہ،سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

اتوار 17 مئی 2015 17:14

صوبائی وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر)شجاع خانزادہ اور وزیر کھیل رانا مشہود ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 مئی۔2015ء) وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر)شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ الله کا شکر ہے کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال ہورہی ہے‘ زمبابوے ٹیم کو سٹیٹ گیسٹ کی حیثیت د ی جائے گی جس کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں‘ امید ہے زمبابوے کے بعد دوسری ٹیمیں بھی پاکستا ن کا دورہ کریں گی۔ وہ اتوار کو قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

صوبائی وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر)شجاع خانزادہ اور وزیر کھیل رانا مشہود نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور سیکیورٹی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا ۔اس موقع وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر)شجاع خانزادہ نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ایک عرصے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہم وہ تمام اقدامات کر رہے ہیں جو سیکیورٹی کے لئے ضروری ہے‘ زمبابوے کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسری غیر ملکی ٹیمیں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو دیکھ رہی ہیں امید ہے کہ زمبابوے کے بعد دوسری ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ اس موقع پر وزیر کھیل پنجاب رانا مشہور نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چھ سال بعد کوئی انٹرنیشنل ٹیم آ رہی ہے اور یہ صرف اور صرف پاکستان کی موجودہ حکومت کی کوششوں کی بدولت ممکن ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زمبابوے سیریزکیلئے ٹکٹس کی ریکارڈ فروخت ہورہی ہے امید ہے سٹیڈیم بھرے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے آنے والے مہمانوں کا شاندار استقبال کرینگے پاکستانی پرامن اور کھیلوں سے پیار کرنے والی قوم ہے ۔ ہم دشمنوں کے عزائم ناکام بنائیں گے جس کے لئے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے آنے سے پاکستان میں عالمی کرکٹ کے دروازے کھل رہے ہیں زمبابوے کی ٹیم کو یہاں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے اور اس طرح مستقبل میں مزید ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔

متعلقہ عنوان :