صولت مرزا اور عزیر بلوچ پیادے ہیں ان کے پیچھے سیاسی جماعتیں ہیں، پرویزمشرف

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 17 مئی 2015 18:53

صولت مرزا اور عزیر بلوچ پیادے ہیں ان کے پیچھے سیاسی جماعتیں ہیں، پرویزمشرف

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17مئی۔2015ء)سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ صولت مرزا اورعزیربلوچ تومحض پیادے ہیں اصل میں ان کے پیچھے تو سیاسی جماعتیں ہوتی ہیں جب کہ کراچی، بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں جو ہورہا ہے اس میں بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کا بھی ہاتھ ہے۔ مقامی ہوٹل میں آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر پرویزمشرف نے اپنے اوپر چلنے والے کیسز کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے اوپر سیاسی کیسز بنائے گئے تاہم امید ہے تمام کیسز جلد ختم ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے لے لئے ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو پکڑنا ہوگا جب کہ مقامی عدالتیں دہشت گردوں کو سزا نہیں دے پا رہیں، صولت مرزا اورعزیربلوچ تومحض پیادے ہیں اصل میں ان کے پیچھے سیاسی جماعتیں ہوتی ہیں جب کہ کراچی اور بلوچستان سمیت خیبرپختونخوا میں جو ہورہا ہے اس میں بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کا بھی ہاتھ ہے۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ آج تک ایسا کوئی لیڈر سامنے نہیں آیا جو پاکستان کو آگے لے کر چلے، عوام کو جمہوریت اور آمریت سے کوئی سروکار نہیں اور وہ ملک کی ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی اننگز کھیل لی اب نوجوانوں کی باری ہے اور ملک میں عام انتخابات کے بارے میں نہیں جانتا کہ وہ کب ہوں گے۔