وزیراعظم محمد نواز شریف نے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بین الاقوامی اور مقامی مسافروں کیلئے بہتر سہولیات وخدمات کے اپ گریڈیشن منصوبے کا افتتاح کیا

پیر 18 مئی 2015 13:09

وزیراعظم محمد نواز شریف نے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بین ..

اسلام آباد ۔(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18مئی۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پیر کو بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بین الاقوامی اور مقامی مسافروں کیلئے بہتر سہولیات وخدمات کے اپ گریڈیشن منصوبے کا افتتاح کیا۔ ان سہولیات میں بین الاقوامی روانگی کیلئے نئی عمارت، تیز رفتار چیک ان کاؤنٹرز،بزنس کلاس فاسٹ ٹریک، کار پارک کے علاقے میں35 فیصد توسیع، انتظار گاہ میں بہترخدمات، پبلک ٹائلٹس کی تعداد میں اضافہ اوردیگر سہولیات شامل ہیں۔

اس منصوبے پر 45 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے جبکہ ایک نیا ڈیلٹا ٹیکسی وے بھی تعمیر کیا گیا ہے جس سے ایئر لائنز کو ایندھن کی مد میں ماہانہ 12 کروڑ روپے اوروقت کی بچت ہوگی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ایئر پورٹ کے تزئین وآرائش سے آراستہ مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور کام کے معیار کا اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ایئر پورٹ آمد پر پاک فضائہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے وزیراعظم کا خیر مقدم کیا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی شجاعت عظیم نے وزیراعظم کو منصوبے بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بے نطیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے پیش کردہ سہولیات میں بہتری کی مہم کے تحت پائلٹ منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سہولیات میں بہتری کیلئے ممتاز بین الاقوامی ماہرین تعمیرات کی خدمات حاصل کی گئیں۔ شجاعت عظیم نے کہا کہ نئی سہولیات میں اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ بالخصوص رش کے اوقات کے دوران مسافروں کو جلد ازجلد کلیئرنس دی جائے اور انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیراعظم کے مشیر نے وزیراعظم محمد نوازشریف کو بتایا کہ اس منصوبے میں خاص طور پر صفائی، خدمات کے بہتر معیار اور جدت کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :