امریکی مہم جو کرتب دکھاتے زندگی کی بازی ہار گیا

منگل 19 مئی 2015 12:12

امریکی مہم جو کرتب دکھاتے زندگی کی بازی ہار گیا

کیلیفورنیا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار19مئی۔2015ء) اپنی حیرت انگیز صلاحیتوں سے خطرناک کرتب دکھاکرلوگوں کو سحر زدہ کردینے والا خطروں کا کھلاڑی شہرت یافتہ امریکی مہم جو موت کے کھیل کے دوران زندگی کی بازی ہار گیا ۔ امریکی مہم جو ڈین پوٹر گزشتہ کئی سالوں سے اپنے خطرناک کرتب سے لوگوں کو سحر زدہ کررہا تھا اور لوگ اس کے کرتب کی ایک جھلک کے لیے دوڑتے چلے آتے تھے،ڈین پوٹر کیلی فورنیا میں 7500 فٹ بلندی سے ونگ سوٹ سے چھلانگ لگانے کی کوشش میں اپنے دوسرے ساتھی گراہم ہنٹ کے ساتھ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور زندگی کی بازی ہار گیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو ٹیم کا کہنا ہے کہ دونوں مہم جو کا پیرا شوٹ نہیں کھل سکا جس کے باعث وہ انتہائی بلندی سے سیدھے زمین سے ٹکرا گئے ۔ ڈین پوٹر ایکسٹریم سپورٹس یا مہم جوئی میں اپنے انتہائی خطرناک اور دلوں کو دہلا دینے والے کرتب کی وجہ سے شہرت رکھتا تھا، دو پہاڑی چوٹیوں کےدرمیان رسی پر صرف پیراشوٹ کی سکیورٹی کے ساتھ چلنے کا سانس روک دینے والا کارنامہ وہ کئی بار کامیابی سے دہرا چکا ہے۔ ڈین پہلا مہم جو تھا جس نے یوزمائٹ سمیت 3 بلند ترین دیواریں ایک ہی دن میں پار کرنے کا کارنامہ انجام دیا جب کہ رواں ماہ مشہور راک فارمیشن دی ہاف ڈوم کو کم ترین وقت پار کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔