علی ظفر گلوکاری اور اداکاری کے بعد اب پروڈیوسر بن گئے

منگل 19 مئی 2015 12:29

علی ظفر گلوکاری اور اداکاری کے بعد اب پروڈیوسر بن گئے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 مئی۔2015ء) معروف گلوکار اور اداکار علی ظفرنے اپنی سالگرہ کے موقع پراپنی پہلی پاکستانی فلم ”دیوسائی“ کے نام کا اعلان کر دیا۔اس فلم میں جہاں علی ظفر مرکزی کردار ادا کریں گے، وہیں وہ اس فلم کو پروڈیوس بھی کرینگے، جبکہ فلم کے ڈائریکٹر عثمان بابرہوں گے۔ فلم میں ہیروئن کے مرکزی کردارکے لیے علی ظفراورڈائریکٹرمل کردنیا بھرسے خوبصورت حسیناوٴں کے آڈیشن بھی لیں گے۔

علی ظفر نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بالی وڈ میں کامیاب اننگز سے اپنا کیرئیر شروع کیا مگر میں ہمیشہ سے ہی پاکستان میں کام کرنا چاہتا تھا ، اب موقع ملا ہے اور پاکستان میں فلم بناوٴں گا اورکام کرونگا‘ اس کے لیے میں نے خود فلم پروڈیوس کی ہے جس کی تمام ترعکسبندی شمالی علاقہ جات میں کی جائے گی، فلم کی کہانی بہت جاندار ہے۔

(جاری ہے)

کراچی سے شوبز رپورٹر کے مطابق بھارتی اخبار کو دیے گئے حالیہ انٹر ویو میں علی ظفر کا کہنا تھا کہ یہ سال میرے لیے بہت خاص ہے ، خدا نے مجھے بیٹی جیسی رحمت سے نوازا ہے، نئے گھر میں شفٹ ہوگیا ہوں اور پاکستان میں فلم بھی کررہا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ لیکن اس کا ہر گز مطلب یہ نہیں کہ میں نے بھارتی فلمیں کرنے سے انکار کیا ہے، میں نے صرف معذرت کی ہے اور ایک فلم مجھے بہت پسند آئی جس پر سوچ بچار جاری ہے، فلم کا نام فی الحال نہیں طے پایا۔ اطلاعات کے مطابق اس کی ہدایتکاری ابھیشیک ڈوگرہ کریں گے جب کہ اس کو پروڈیوس احمد خان اور بھوشم کمار کریں گے۔ فلم میں علی ظفر کے ساتھ ڈیڑھ عشقیا میں عمدہ اداکاری کرنے والی ہما قریشی نظر آئیں گی۔