امریکا میں دوران پرواز مسافر طیاروں کے کمپیوٹر ہائی جیک کئے جانے کا انکشاف

منگل 19 مئی 2015 13:10

امریکا میں دوران پرواز مسافر طیاروں کے کمپیوٹر ہائی جیک کئے جانے کا ..

لاس اینجلس ۔ 19مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19مئی۔2015ء) امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے دوران پرواز مسافر طیاروں کے کمپیوٹر ہائی جیک کئے جانے کا انکشاف کیا ہے۔ ایف بی آئی کے ارکان نے اس الزام میں کرس رابرٹس نامی کمپیوٹر سیکیورٹی ایکسپرٹ جس کا تعلق ”ون ورلڈ لیبز“ سے ہے کو گرفتار کرکے اس کے کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک ضبط کرلی ہیں کرس رابرٹس نے دوران پرواز مسافر طیاروں کے کمپیوٹر ہیک کرنے کی 15 سے 20 کوششوں کا اعتراف کیا ہے ان مسافر طیاروں میں بوئنگ 737‘بوئنگ 757 اور ایئر بس اے 320 شامل ہیں ۔

کرس رابرٹس نے بتایا کہ ایک موقع پر اس نے دوران پرواز مسافر طیارے کے کمپیوٹر کو ہیک کرکے ایک انجن کو ایسنڈ موڈ (بلندی پر جانے ) کی کمانڈ دی جس کے نتیجہ میں مسافر طیارہ دوران پرواز تھوڑی دیر کے لئے ایک طرف کو جھک گیا۔

(جاری ہے)

امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ امریکی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ایئر لائنز نے کرس رابرٹس کے ٹویٹس میں دوران پرواز مسافر طیاروں کے کمپیوٹر ہائی جیک کرنے کے ذکر پر اس کے اپنے طیاروں میں سفر پر پابندی عائد کردی تھی۔

کرس رابرٹس نے بتایا کہ وہ طیارے میں اپنی نشست پر بیٹھے ہوئے ایک کیبل کے ذریعے اپنے کمپیوٹر کو طیارے کے ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ (آئی ایف ای) سینٹر سے جوڑ لیتا تھا اور ڈیفالٹ آئی ڈیز اورپاس ورڈ استعمال کرتے ہوئے طیارے کو کنٹرول کرنے والے کمپیوٹر تک رسائی حاصل کرلیتا تھا۔ ایف بی آئی نے کرس رابرٹس کو شکاگو سے سیراکیوز سفر کے اختتام پر حراست میں لیا۔ کرس نے بتایا کہ اس کا مقصد طیاروں میں نصب کمپیوٹرز میں موجود سیکورٹی نقائص کی نشاندہی کرنا تھا۔