پرویز مشرف کو لیگی دھڑے اکٹھاکرنے کا ٹا سک مل گیا

بدھ 20 مئی 2015 16:41

پرویز مشرف کو لیگی دھڑے اکٹھاکرنے کا ٹا سک مل گیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20مئی۔2015ء) سابق صدر پرویز مشرف نے لیگی دھڑوں کو اکٹھا کرنے کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں،سابق صدر سے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت ،پرویزالٰہی اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ صبغت اللہ راشدی سے ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ لیگی دھڑوں نے تمام اختلافات کو بھلا کر مستقبل میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق کیا ہے اور اس حوالے سے تمام تر اختیارات پرویز مشرف کو سونپ دیئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روزمسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت اور پرویزالٰہی اسلام آباد سے کراچی پہنچے جہاں انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف سے ان کی رہائش گاہ پر طویل ملاقات کی ہے جس میں تمام لیگی دھڑوں کو اکٹھا کرنے اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران سابق صدر پرویز مشرف نے مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ صبغت اللہ راشدی کو ٹیلی فون کیا اور ان کو اپنی رہائش پر عشائیہ پر مدعو کیا،لیگی رہنماؤں کے درمیان طویل ملاقات ہوئی جس میں ملک میں امن وامان اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے،رپورٹ کے مطابق لیگی رہنماؤں نے ملاقات کے دوران اتفاق کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ تمام لیگی دھڑوں کو اکٹھا کیا جائے گا اور اس حوالے سے ایک دوسرے لیگی دھڑوں کے تحفظات کو بھی دور کیا جائے گا،لیگی رہنماؤں نے مل کر اکٹھا چلنے اور مستقبل میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق کیا ہے ،ملاقات میں پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی الیکشن اور عام انتخابات میں ملکر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران لیگی رہنماؤں نے سابق صدر پرویز مشرف کو لیگی دھڑوں کو اکٹھا کرنے کے لئے ٹاسک دے دیا ہے اس حوالے سے سابق صدر پرویز مشرف ملک کے دیگر لیگی رہنماؤں کے ساتھ رابطے کریں گے اور ان کے تحفظات دور کر کے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں گے اور جلد ہی کراچی میں تمام لیگی دھڑوں کے سربراہوں کو مدعو کر کے اظہار یکجہتی کا واضح پیغام پہنچایا جائیگا،رپورٹ کے مطابق لیگی دھڑوں نے حکومت کے خلاف گرینڈالائنس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے اورمستقبل میں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بری طرح ناکام ہوگئی ہے،ملک میں امن وامان کی صورت حال انتہائی خراب ہے ،کراچی میں قتل و غارت جاری ہے اور حکومت نے دہشت گردوں کو مکمل طور پر چھوٹ دے رکھی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام موجودہ حکومت سے تنگ آ چکے ہیں مہنگائی اور بے روز گاری نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے،حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک معاشی بحران کی دلدل میں پھنس چکا ہے،انہوں نے کہاکہ ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کیلئے لیگی دھڑوں کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،

متعلقہ عنوان :